چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے عوام کے دل جیت لئے،سیلابی صورتحال میں بھی عوام کے ہمراہ
کراچی: گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی شدید بارش اور اربن فلڈنگ نے شہر بھر کی صورتحال کو مفلوج کر دیا۔ کئی اہم سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گلی محلوں میں پانی جمع ہو گیا، سیوریج کا نظام متاثر ہوا اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ منگوپیر ٹاؤن کے عوام بھی اس غیر معمولی صورتحال سے دوچار ہوئے، مگر اس موقع پر چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور دن سے لے کر پوری رات تک فیلڈ میں موجود رہ کر سچے جیالے ہونے کا ثبوت دیا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے مختلف یوسیز کا تفصیلی دورہ کیا، متاثرہ گلیوں اور محلوں میں خود گئے، عوامی مسائل کو براہِ راست سنا اور موقع پر ہی افسران کو ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے سیوریج لائنوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی، نکاسی آب کے لیے مشینری کی تعیناتی اور عملے کی فوری موجودگی کو یقینی بنایا۔ عوام نے چیئرمین کو اپنی نگرانی میں کام کراتے دیکھا اور دعائیں دیں کہ "ہم نے پہلی بار اپنے نمائندے کو اس طرح رات کو ہمارے درمیان پایا۔”
رات گئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی بھی منگوپیر ٹاؤن کے دورے پر پہنچے۔ چیئرمین نے انہیں اپنے ساتھ لے کر مختلف یوسیز کا وزٹ کرایا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔ چیئرمین نے واضح طور پر بتایا کہ کہاں مزید مشینری درکار ہے، کس علاقے میں عوامی مشکلات سب سے زیادہ ہیں اور کس طرح فوری ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہا:”آپ کا عوام کے درمیان موجود رہنا ایک بڑی مثال ہے۔ آپ بہترین کام کر رہے ہیں اور یہ ثابت کر رہے ہیں کہ اصل خدمت وہی ہے جو مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر کی جائے۔”
ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن بھی چیئرمین کے ہمراہ تھے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور ڈی سی ویسٹ ذوالفقار علی میمن دونوں نے چیئرمین کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ "بلدیاتی نمائندے اور انتظامیہ اگر متحد ہو جائیں تو شہریوں کے مسائل کا فوری اور دیرپا حل نکالا جا سکتا ہے۔”
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر کہا کہ:”یہ میرا فرض ہے کہ میں اپنے عوام کے درمیان موجود رہوں۔ ان کے مسائل ہی میرے مسائل ہیں۔ جب تک عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل جاتا، میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ عوامی خدمت ہی میرا مقصد ہے اور میں دن رات اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھوں گا۔”
رات گئے سے صبح فجر تک چیئرمین گلیوں اور سڑکوں پر موجود رہے۔ عوام سے ملاقاتیں کرتے رہے، انہیں تسلی دیتے رہے اور ساتھ ساتھ موقع پر موجود عملے کو ہدایت دیتے رہے۔ کئی جگہوں پر شہریوں نے خود چیئرمین کے ساتھ کھڑے ہو کر نکاسی آب کے کاموں میں حصہ لیا اور کہا کہ "چیئرمین کی موجودگی سے ہمارے دلوں کو سکون ملا۔ ہمیں محسوس ہوا کہ ہمارے مسائل سننے اور حل کرنے والا کوئی ہے۔”
اس موقع پر وائس چیئرمین منگوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، انفارمیشن سیکرٹری ڈسٹرکٹ ویسٹ علی اکبر کاچیلو، ٹاؤن افسران اور دیگر ذمہ داران بھی ساتھ رہے۔ سب نے مشترکہ طور پر مختلف یوسیز میں عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سرگرمیاں انجام دیں۔
چیئرمین نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ بھی بارش یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹاؤن کی عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے ایک ہنگامی ریسپانس سسٹم بنایا جا رہا ہے، جس کے تحت مشینری، عملہ اور افسران پہلے سے الرٹ رہیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔
کمشنر کراچی اور ڈی سی ویسٹ نے بھی چیئرمین کی بات کی تائید کی اور کہا کہ وہ منگوپیر ٹاؤن کے ساتھ ہیں اور ہر طرح کی سپورٹ فراہم کریں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف دیا جا سکے۔
