بارش کے دوران چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا امیر جماعت اسلامی کراچی کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

بارش کے دوران چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا امیر جماعت اسلامی کراچی کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

نیو کراچی ٹاؤن میں حالیہ بارش کے دوران چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ اور ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اس موقع پر کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی عدم توجہی کے باعث نیو کراچی ٹاؤن کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارانِ رحمت شہریوں کے لیے زحمت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور ہاؤس چورنگی، مدینہ کالونی، ناگن چورنگی اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہونا نالوں کی صفائی نہ ہونے کا نتیجہ ہے، اور یہ کے ایم سی کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ بروقت صفائی کو یقینی بنائے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ جہاں بھی جماعت اسلامی کے چیئرمین موجود ہیں، وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن سہولت پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ہم صبح سے عوام کے درمیان موجود ہیں اور بارش کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ جہاں کہیں عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں، جماعت اسلامی کے نمائندے اور ٹاؤن افسران فوری طور پر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں واٹر پمپ کے ذریعے پانی کے اخراج کو ممکن بنایا جا رہا ہے، جبکہ مضافاتی علاقوں میں بند گٹر لائنوں کو کھولا جا رہا ہے تاکہ پانی جمع نہ ہو اور شہریوں کو آسانی میسر آسکے۔

وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر اور میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے بھی عوامی سہولت کے لیے ٹاؤن عملے کو متحرک رکھا اور کہا کہ تمام افسران ہنگامی صورتحال میں عوام کے ساتھ موجود رہیں گے تاکہ مشکلات کو فوری طور پر ختم کیا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں