ملک کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر تھر کول بلاک 2 میں پرجوش تقریبات کا انعقاد
اسلام کوٹ: تھر کول بلاک 2 میں ملک کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں منعقدہ تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا گیا اور سلامی دی گئی، جس کے بعد یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔
تقریب کے دوران تھر فاؤنڈیشن کے سکولوں کے بچوں نے قومی نغموں پر رقص پیش کیا اور خوب داد وصول کی
سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے نائب صدر اور ڈائریکٹر سائٹ محمد اظہر ملک نے یوم آزادی پر پاک فوج کے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ہمیں ان شہید سپاہیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم ان فوجیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو سرحدوں پر ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔
اظہر ملک نے کہا کہ تھر کول پاکستان میں توانائی کے تحفظ کی علامت ہے۔ اس وقت بلاک ون اور ٹو سے بالترتیب 1320-1320 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جو کہ کل 2640 میگاواٹ بجلی بنتی ہے۔ تھر بلاک ٹو مائننگ کا تیسرا مرحلہ مزید آگے بڑھنا شروع ہو گیا ہے جس کے بعد سسٹم میں مزید 660 میگاواٹ بجلی شامل ہو جائے گی۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ہمیں اجازت دے دی ہے جس کے بعد اب ہم تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی استعمال کر سکیں گے۔
سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے نائب صدر اور ڈائریکٹر سائٹ محمد اظہر ملک نے مزید کہا کہ تھر ریل لنک منصوبے پر بھی کام شروع ہو گیا ہے۔ اس کی تکمیل کے بعد تھر کا کوئلہ ملک کے قلب تک پہنچ سکے گا۔ تھر بدلے گا پاکستان ہمارا خواب تھا جو اب پورا ہو رہا ہے۔
اظہر ملک نے مزید کہا کہ تھر میں کام کرنے والے تمام انجینئرز اور ورکرز ایک خاص مقصد کے لیے مل کر کام کرتے ہیں اور یہی مقصد پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کا سفر ہے۔
اظہر ملک نے یوم آزادی کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کرنے پر حبکو سائٹ کے سربراہ طارق خان، پاک فوج کے کرنل ظفر، چینی انجینئرز اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔
اظہر ملک نے قومی ترانوں پر بہترین پرفارمنس پر بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ یوم آزادی کی رات سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں کیک کاٹا گیا اور آتش بازی کی گئی۔
دوسری جانب اینگرو پاور جنریشن تھر لمیٹڈ میں بھی یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا اور سلامی دی گئی۔ ای پی ٹی ایل کے سائٹ ہیڈ محمد کامران شمیم اور جنرل منیجر رمیز فراز سمیت دیگر نے کیک کاٹا اور خصوصی دعا کی۔
