منگوپیر ٹاؤن میں جشنِ آزادی "معرکۂ حق” کی تقریبات کا سلسلہ جاری، کراٹے کراٹے کا شاندار مقابلہ
کراچی:منگوپیر ٹاؤن میں جشنِ آزادی "معرکۂ حق” کی تقریبات کے سلسلے میں ایک نہایت شاندار اور یادگار کراٹے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب منگوپیر ٹاؤن اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جہاں صبح سے ہی کھیلوں کے شوقین شہریوں کا ہجوم دیکھنے کو ملا۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ماہر کراٹے پلیئرز اور شوقیہ کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں اس ایونٹ میں حصہ لیا۔ چھوٹے بچے، جواں سال نوجوان اور بڑی عمر کے شوقین افراد سب ہی اس مقابلے کا حصہ بنے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ منگوپیر کی عوام کھیلوں سے بے پناہ محبت رکھتی ہے۔
ایونٹ کے آغاز سے اختتام تک شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ گراؤنڈ کے چاروں طرف سبز ہلالی پرچم لہرا رہے تھے، نعرے گونج رہے تھے اور "پاکستان زندہ باد” کی صدائیں ایک ولولہ انگیز فضا پیدا کر رہی تھیں۔ کراٹے کے کھلاڑی نہ صرف اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے تھے بلکہ کھیل کے دوران نظم و ضبط، عزت و احترام اور کھیل کی اصل روح کو بھی اجاگر کر رہے تھے۔
چیئرمین منگوپیر ٹاؤن، حاجی نواز علی بروہی نے مقابلوں کے دوران گراؤنڈ میں کھڑے ہو کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور عوام کے ساتھ گھل مل کر ان کا جوش و ولولہ بڑھایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
"ایسے کھیلوں کا انعقاد نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتا ہے بلکہ ہمارے علاقے میں کھیلوں کی روایات کو بھی زندہ کرتا ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہمارے گراؤنڈ آباد ہوں اور ہسپتال ویران ہوں، کیونکہ صحت مند معاشرہ ہی ایک خوشحال معاشرہ ہے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ زندگی میں کامیابی صرف تعلیم ہی سے نہیں بلکہ کھیلوں اور جسمانی صحت کے امتزاج سے حاصل ہوتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگوپیر کھیلوں کے فروغ کے لیے نہ صرف ایسے ایونٹس منعقد کرے گی بلکہ آنے والے دنوں میں فٹبال، کرکٹ، والی بال اور دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹ بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو ہر ممکن مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویسٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر عابد حسین ستی، انفارمیشن سیکرٹری علی اکبر کاچلیو، پی وائی او ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر اختر لنڈ، وائس چیئرمین منگوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، شکور مینگل، اعظم مینگل، جاوید بروہی، شبیر بروہی اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے۔ ان شخصیات نے ایونٹ کی کامیابی میں عملی کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف انتظامات میں تعاون کیا بلکہ کھلاڑیوں کو انعامات اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں کو شیلڈز، ٹرافیاں اور میڈلز دیے گئے۔ عوام نے ٹاؤن انتظامیہ اور خصوصاً چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کے اس اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ اگر اس طرح کے ایونٹس مستقل بنیادوں پر ہوتے رہیں تو نہ صرف علاقے میں کھیلوں کا فروغ ہوگا بلکہ نوجوان نسل منفی سرگرمیوں سے بھی دور رہے گی اور ایک صحت مند اور روشن مستقبل کی طرف بڑھے گی۔
یہ کراٹے کا مقابلہ اس بات کا عملی ثبوت تھا کہ منگوپیر ٹاؤن نہ صرف ترقیاتی کاموں میں بلکہ کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے، اور یہ روایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔
