گرین اپ گلبرگ مہم کے تحت گلبرگ ٹاؤن میں شجر کاری مہم کا آغاز
کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں "گرین اپ گلبرگ” مہم کے تحت شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز فیڈرل بی ایریا بلاک 21 سے کر دیا گیا۔
تقریب کا افتتاح چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کیا، جبکہ وائس چیئرمین محمد الیاس،ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لکی ون مال کے سی ای او سعد زبیری خصوصی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر علاقے کے بڑی تعداد میں رہائشیوں نے بھی شرکت کی اور پودے لگائے۔
یہ شجر کاری مہم جماعتِ اسلامی کراچی کے اعلان کردہ ایک لاکھ پودے لگانے کے پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد کراچی کو سرسبز اور ماحولیاتی طور پر بہتر بنانا ہے۔ گلبرگ ٹاؤن نے اس مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا ہے اور اگست کے مہینے میں گلبرگ ٹاؤن کی تمام آٹھ یونین کمیٹیوں میں شجر کاری کی جائے گی۔
اس موقع پر چیئرمین نصرت اللہ نے کہا”ہم ہر یونین کمیٹی میں پودے لگائیں گے۔ سرسبز گلبرگ کا مطلب ہے صحت مند، ٹھنڈا اور خوبصورت گلبرگ۔”
وائس چیئرمین محمد الیاس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صرف پودے لگانے تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔
"گرین اپ گلبرگ” مہم کا مقصد بلدیاتی اقدامات اور عوامی شراکت سے گلبرگ ٹاؤن کو شہری ماحولیاتی بحالی کی ایک مثالی مثال بنانا ہے۔