چیئر مین لیاقت آباد ٹاون کا آئی بی اے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے ہمراہ شجرکاری مہم کا انعقاد
کراچی: چیئر مین لیاقت آباد ٹاون فراز حسیب نے آئی بی اے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے ہمراہ غریب آباد سے لیاری ایکسپریس وے کے اطراف شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ مہم میں وائس چیئرمین اسحاق تیموری، ٹاؤن میونسپل کمشنر دریا خان پتافی یوسی چیئر مینز، وائس چیئر مینز ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی اور آئی بی اے یونیور سٹی کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی زیر صدارت آئی بی اے یونیور سٹی کے طلبہ و طالبات نے غریب آباد سے لیاری ایکسپریس وے تک شجرکاری مہم کا بھرپور آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے اور شجرکاری کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی۔چیئرمین فراز حسیب نے کہا کہ شجرکاری صرف ماحول کو خوشگوار بنانے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانی صحت، زمینی درجہ حرارت میں کمی اور آلودگی کے خاتمے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے دوران ایک سو پچاس سے زائد پودے لگائے گئے ہیں، جن کی دیکھ بھال کے لیے بھی مربوط نظام بنایا گیا ہے۔آئی بی اے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بھی اس شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ماحول دوست سرگرمی میں عملی طور پر شمولیت اختیار کی۔
ان طلبہ نے چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب، وائس چیئرمین اسحاق تیموری، ٹاؤن میونسپل کمشنر دریا خان پتافی اور ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی کو ثقافتی نشانی کے طور پر اجرک اور آزاد نشانی کے تحفے بھی پیش کیے۔یہ شجرکاری مہم علاقے میں سرسبز ماحول کے قیام اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے، جسے شہریوں اور طلبہ کی جانب سے بھرپور پذیرائی بھی ملی۔آئی بی اے یونیور سٹی کے طلبہ و طالبات کی جانب سے شجرکاری مہم کے بہترین انتظامات پر ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،اور ان کی خدمات پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔