منگھوپیر ٹاؤن کی جانب سے یومِ آزادی 14 اگست کی مناسبت سے "معرکۂ حق” تقریبات کا آغاز

منگھوپیر ٹاؤن کی جانب سے یومِ آزادی 14 اگست کی مناسبت سے "معرکۂ حق” تقریبات کا آغاز

کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں یومِ آزادی 14 اگست کی مناسبت سے "معرکۂ حق” تقریبات کا آغاز بھرپور قومی جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں ایک شاندار اور عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹاؤن کے افسران، معزز اراکینِ کونسل، خواتین کونسلرز اور بڑی تعداد میں شہریوں نے پُرجوش انداز میں شرکت کی۔

ریلی کا آغاز منگھوپیر ٹاؤن آفس سے ہوا، جو مختلف رہائشی علاقوں، مرکزی بازاروں اور اہم شاہراہوں سے گزرتی ہوئی پورے ٹاؤن میں حب الوطنی کا پیغام عام کرتی رہی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھام رکھے تھے اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے فضا میں گونجتے رہے۔ بچے، نوجوان، بزرگ اور خواتین سب نے مل کر اس دن کو ایک قومی تہوار کے طور پر منانے کا عزم کیا۔

منگھوپیر ٹاؤن کے گلی محلوں، سڑکوں، دفاتر، دکانوں اور عمارتوں کو قومی پرچموں اور سبز و سفید رنگوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جس سے پورا علاقہ جشنِ آزادی کے رنگ میں رنگ گیا۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے بذاتِ خود مختلف علاقوں میں جا کر گاڑیوں اور عمارتوں پر جھنڈے لگائے اور شہریوں کے ساتھ گھل مل کر قومی جوش و جذبے کو مزید فروغ دیا۔ ان کا عوام سے براہِ راست رابطہ اور شمولیت، ٹاؤن کے شہریوں کے لیے باعثِ فخر تھی۔

اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ہمارے اس عہد کی تجدید ہے، جو ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے کیا تھا۔ پاکستان ہمیں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، تحریکِ آزادی کے عظیم رہنماؤں اور لاکھوں شہداء کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا۔ یہ ملک ہماری شناخت، خودداری اور اسلامی تشخص کی علامت ہے۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نئی نسل کو وطن کی قدر، اس کی قربانیوں اور اس کے تحفظ کا شعور دیں، اور پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے یکجہتی کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کے شہریوں نے جس جذبے سے "معرکۂ حق” جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ اپنے وطن سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔ پرجوش نعروں کی گونج اور عوام کی والہانہ شرکت یہ ظاہر کرتی ہے کہ منگھوپیر ٹاؤن کی عوام  14 اگست کو صرف ایک دن کی تقریب نہیں بلکہ ایک  ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

ریلی کا اختتام اجتماعی دعاؤں، نعرۂ تکبیر اور اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں