چیئرمین جناح ٹاؤن کی قیادت میں فلسطینی و کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پُرامن احتجاج

چیئرمین جناح ٹاؤن کی قیادت میں فلسطینی و کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پُرامن احتجاج

کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن، رضوان عبد السمیع کی قیادت میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی  کے لیے ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا، جس میں وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان، کونسل اراکین، محکمہ جاتی افسران، عملہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے فلسطین، کشمیر اور پاکستان کے پرچم اٹھائے، اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف مبذول کروانے کے لیے نعرے لگائے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین رضوان عبد السمیع نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جاری انسانی المیے پر عالمی سطح پر مؤثر ردِعمل کی ضرورت ہے۔ معصوم جانوں کا ضیاع اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ایک سنجیدہ عالمی مسئلہ ہیں، جن پر فوری توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ٹاؤن کے پلیٹ فارم سے ہم یکم تا 14 اگست ’’ایامِ آزادی‘‘ کو ’’معرکۂ حق‘‘ کے طور پر منائیں گے، تاکہ ہم اپنی آزادی کے جذبے کو مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے ذریعے عملی شکل دے سکیں۔

چیئرمین رضوان عبد السمیع نےعوام سے اپیل کی کہ ان ایام میں آگہی اور شعور بیدار کرنے والی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں۔

اختتام پر مظاہرے کے شرکاء نے اجتماعی دعا کی، جس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور مظلوموں کے لیے امن، انصاف اور آزادی کی دعائیں کی گئیں۔ مظاہرے میں شریک افسران اور ملازمین نے اس اقدام کو ضمیر کی بیداری اور اجتماعی شعور کے فروغ کی مثبت مثال قرار دیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں