شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں جشنِ آزادی کی دو ہفتہ تقریبات کا آغاز

شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں جشنِ آزادی کی دو ہفتہ تقریبات کا آغاز

لاڑکانہ: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے یکم اگست سے 14 اگست تک جشنِ آزادی کے دو ہفتے منانے کے اعلان کے تحت، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کی خصوصی ہدایات پر مختلف تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔

ترجمان عبدالصمد بھٹی کے مطابق یونیورسٹی سے منسلک تمام کالجز میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔ اسی سلسلے میں آج انسٹیٹیوٹ آف فزیوتھراپی اینڈ ریہیبیلیٹیشن کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات اور فیکلٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی اور حب الوطنی سے لبریز تقاریر پیش کیں۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا "14 اگست صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ہماری قومی شناخت کا دن ہے، جو ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان صرف ایک خطہ زمین نہیں بلکہ ہمارے خوابوں، امیدوں اور قربانیوں کا نام ہے۔”

انسٹیٹیوٹ آف فزیوتھراپی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مکیش کمار نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی قومی تعمیر میں کردار پر زور دیتے ہوئے کہا: "نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ماضی سے سبق، حال سے سنجیدگی، اور مستقبل کے لیے بصیرت حاصل کریں۔” انہوں نے مزید کہا: "جو پاکستان سے محبت کرتا ہے، وہ دراصل امن، امید اور عزت سے محبت کرتا ہے۔”

یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہد جبران سیال نے اپنے خطاب میں کہا: "جس قوم کے نوجوان قلم اور کتاب کے ساتھ ہوتے ہیں، وہی قومیں اپنی آزادی قائم رکھتی ہیں۔ آج کے نوجوان روشن پاکستان کی ضمانت ہیں۔”

تقریب کے اختتام پر طلبہ، فیکلٹی اور افسران کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج کی انتظامیہ کے تحت جشنِ آزادی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے گئے۔

اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہد جبران سیال، ڈائریکٹر فزیوتھراپی ڈاکٹر مکیش کمار، اور وائس پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج ڈاکٹر فوزیہ چانڈیو نے پودے لگائے۔ یہ بھی اعلان کیا گیا کہ 14 اگست تک روزانہ کی بنیاد پر یونیورسٹی کے تمام ذیلی اداروں میں شجرکاری مہم جاری رہے گی۔

تقریب میں چیف سیکیورٹی آفیسر سلطان احمد بھٹو اور چانڈکا میڈیکل کالج کے ایڈمن وحید زمان بھی شریک تھے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں