"ملاکڑے” کی تیاریاں جاری، ڈی سی و منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین کا انتظامات کا جائزہ
کراچی: منگھوپیر ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر 2 میں واقع فٹبال گراؤنڈ (گرم چشمہ کے قریب) میں 3 اگست 2025ء کو ہونے والے روایتی اور ثقافتی کھیل "ملاکڑا” کے مقابلے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع غربی ذوالفقار علی میمن اور چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے موقع پر پہنچ کر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے موقع پر وائس چیئرمین منگوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، صدر پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ عابد ستی، انفارمیشن سیکریٹری پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ علی اکبر کاچیلو، اور معروف سماجی شخصیات اعظم مینگل اور شکور مینگل بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ جناب ذوالفقار علی میمن نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ ملاکڑا جیسے تاریخی اور روایتی کھیل ہماری علاقائی ثقافت کا اہم جزو ہیں۔ ان کے فروغ سے نہ صرف علاقائی روایات کو تقویت ملتی ہے بلکہ نوجوان نسل کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ کے دوران سیکیورٹی، صفائی، روشنی، ٹریفک کی روانی، اور ہنگامی طبی امداد کے تمام انتظامات مکمل اور مؤثر ہونے چاہئیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منگوپیر میں روایتی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹاؤن انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔ ملاکڑا جیسے کھیل ہماری تہذیبی پہچان ہیں اور عوامی جوش و خروش کا مظہر بھی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور محکمے کے افسران کو ہدایت دی کہ گراؤنڈ کی مکمل صفائی، روشنیوں کی تنصیب، کھلاڑیوں کے لیے سہولیات، اور تماشائیوں کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ یہ تقریب مثالی انداز میں منعقد ہو۔
انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ویسٹ اور چیئرمین منگو پیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کو گراؤنڈ کی ہمواری، پانی کی فراہمی، سیکیورٹی پلان، اور دیگر تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مہمانوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاکڑا ایونٹ منگھوپیر ٹاؤن کی ثقافتی پہچان کو مزید اجاگر کرے گا اور عوام کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔