نیو کراچی ٹاؤن میں اساتذہ کی تربیت کے لیے ایک روزہ سیمنار”علم و تربیت” کا انعقاد
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کے زیراہتمام بلدیاتی اسکولوں کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک روزہ تربیتی سیمنار بعنوان ”علم و تربیت” کا انعقاد کیا گیا۔
سیمنار کا مقصد اساتذہ کو جدید تدریسی اصولوں، مؤثر کلاس روم مینجمنٹ، اور طلبہ کی ذہنی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔سیمنار میں نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف بلدیاتی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے شرکت کی۔
ماہرین تعلیم نے تدریس کے جدید رجحانات، نصاب کی بہتر تفہیم، اور تعلیم و تربیت کو ہم آہنگ کرنے کے موضوعات پر مفصل گفتگو کی۔
اساتذہ کو تخلیقی تدریسی سرگرمیوں، بچوں کے ساتھ مؤثر ابلاغ، اور انفرادی طور پرسیکھنے کی رفتار کو سمجھنے جیسے اہم پہلوؤں پر تربیت دی گئی۔تربیتی پروگرام میں میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ڈائریکٹر ایجوکیشن نیو کراچی سید محمد مزمل عباسی،تعلیمی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین عمران فقیر، کمیٹی ممبران شگفتہ انیس، نصرت مسعود، صاصبہ طلعت عمران، وائس چیئرمین یوسی 11 عمران شفیق، ڈائریکٹر ایڈمن شمونہ صدف اور ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق احمد خان بھی شریک تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمنار کا مقصد نیو کراچی ٹاؤن میں موجود سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو جدید تدریسی رجحانات سے آگاہ کرنا ہے تاکہ تعطیلات کے بعد وہ مزید تازگی اور تیاری کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر سکیں۔ بہتر تدریس ہی بہتر معاشرے کی بنیاد ہے، اور ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی اسکولوں کا تعلیمی معیار مزید بلند ہو۔
اس موقع پرمونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے سیمنار سے خطاب میں کہا کہاساتذہ قوم کے معمار ہیں، اور ان کی تربیت دراصل معاشرے کی تعمیر ہے۔ ہم اساتذہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ ایسے تربیتی پروگرام تعلیمی نظام کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی سطح پر اس طرح کے تربیتی سیمنار کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ اساتذہ اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لا سکیں اور طلبہ کی تعلیم و تربیت میں بہتری لائی جا سکے۔تقریب کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات بلدیاتی تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہیں۔