ناظم آباد ٹاون چیئرمین سید محمد مظفر نے شجرکاری مہم کا آغازکردیا
کراچی:ناظم آباد ٹاون میں شجرکاری مہم کا آغاز، چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے وائس چیئرمین ناظم آباد ٹاون محمد نعمان صدیقی کے ہمراہ پاکستان کے شہرہ آفاق مصور، خطاط سید صادقین احمد کے نام سے منسوب صادقین پارک یوسی 03 ناظم آباد نمبر 02میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر یوسی چیئرمینز،وائس چیئرمینز، ٹاؤن افسران و ملازمین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفرنے کہا کہ شجر کاری مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی کرنے کے ساتھ مستقبل میں اپنی آ نے والی نسلوں کو آ لودگی سے پاک اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے
انہوں نے کہا کہ آج جس جگہ ہم کھڑے ہیں، یہاں پر کچرے کے ڈھیر ہوئے کرتے تھے، ہم نے اس پارک کو بحال کرنے کا عزم کیا، اور علاقہ مکینوں کے تعاون سے اور محکمہ باغات کی انتھک محنت سے صادقین پارک کی تزین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے، انشااللہ جلد ہی پارک کی تکمیل کے بعد اس کو علاقہ مکینوں کے حوالے کر دیا جائے گا
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ہم نے ناظم آباد میں رہنے والی دو مشہور شخصیات ابن صفی اور ماہرالقادری کے نام سے دو پارکس منسوب کئے ہیں عنقریب ہم ڈاکٹر عبدالقدیر کے نام سے بھی پارک منسوب کریں گے
وائس چیئرمین نعمان صدیقی نے کہا کہ مون سون کا موسم شجر کاری مہم کے لئے موزوں ترین موسم ہوتاہے محکمہ باغات کو ناظم آباد ٹاون کی شجر کاری مہم میں لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت، آبیاری اور ناظم آباد ٹاون میں بحال کئے جانے والے پارکوں کی دیکھ بھال کی خصوصی ہدایت کی کہ ناظم آباد ٹاون کو سرسبز ٹاون بنایا جائے۔