گلبرگ ٹاؤن میں ماڈل اسکول کا افتتاح،تعلیم کارڈ کا اجراء، اساتذہ کی تربیت کا اعلان

کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں تعلیم کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ گورنمنٹ بہادر یار جنگ اسکول، فیڈرل بی ایریا بلاک 11 کو مکمل بحال کر کے ماڈل اسکول کا درجہ دیا گیا، جس کا افتتاح آج، 29 جولائی کو صبح 11 بجے ایک پروقار تقریب میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن تھے، جنہوں نے نہ صرف اسکول کا افتتاح کیا بلکہ تعلیم کارڈ کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں سندھ کے 1 کروڑ بچے شامل ہیں۔ ایسے حالات میں تعلیم کارڈ ایک انقلابی قدم ہے جو مستحق طلبہ کے لیے تعلیم کے دروازے کھولے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کراچی کے بچوں کو علم، کردار اور تربیت سے آراستہ کرے گی، تاکہ وہ ایک روشن، باوقار اور محفوظ مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن جناب نصرت اللہ نے کہا کہ فیڈرل بی ایریا کے تمام سرکاری اسکولوں کو مرحلہ وار مکمل بحال کیا جائے گا۔ ہم اکیڈمیکس پر بھرپور کام کر رہے ہیں اور اساتذہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی، خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI) اور لٹریسی جیسے اہم شعبوں میں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کارڈ صرف ایک سہولت نہیں بلکہ ایک تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے.

بہادر یار جنگ اسکول کی بحالی کے ساتھ ساتھ، جدید تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے متعدد سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جن میں کمپیوٹر لیب، باسکٹ بال کورٹ، بچوں کے لیے جھولے، کشادہ کھیل کا میدان اور ایک محفوظ و دلکش عمارت شامل ہے۔ ان سہولیات کا مقصد بچوں کو نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے بلکہ ان کی جسمانی، ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی نکھارنا ہے۔

نصرت اللہ نے اپنی دو سالہ کارکردگی کا خلاصہ بھی پیش کیا، جس میں سڑکوں کی مرمت و کارپیٹنگ، پبلک اسکولز کی اپ گریڈیشن، اوپن ایئر جم، پارکس اور فواروں کی بحالی، صاف پانی و سیوریج نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، رین واٹر ہارویسٹنگ، صفائی مہمات اور "شائننگ اسٹارز فیسٹیول” جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلبرگ ٹاؤن کو ایک ترقی یافتہ، صاف ستھرا اور تعلیم دوست ماڈل بنانا ان کا مشن ہے۔

تقریب میں سابق ٹاؤن چیئرمین فاروق نعمت اللہ، میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ، اساتذہ، طلبہ اور علاقے کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے گورنمنٹ بہادر یار جنگ اسکول کی بحالی، جدید سہولیات کی فراہمی اور تعلیم کارڈ کے اجراء جیسے اقدامات کو سراہا اور جماعت اسلامی و گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کے تعلیم دوست وژن و عملی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں