صوبے بھر میں ثقافتی، قومی اسٹالز میوزیکل ایونٹس اور تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ
جشن آزادی، معرکہ حق کی تیاریاں، محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے تقاریب منعقد کی جائیں گی
صوبے بھر میں ثقافتی، قومی اسٹالز میوزیکل ایونٹس اور تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ
آرکائیوز سندھ کی جانب سے ۲ اگست سے ۱۴ اگست تک نمائش منعقد کی جائے گی
کراچی:صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت میں محکمہ ثقافت و آرکائیوز کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی ثقافت حبیب اللہ میمن، ڈائریکٹر آرکائیوز ہدایت اللہ راجڑ کی جانب سے تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ جشن آزادی، معرکہ حق قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا،قومی پرچموں اور بینروں سے سجا خصوصی فلوٹ شہر میں چلایا جائے گا،میوزیکل ایونٹس سمیت ثقافتی و قومی اشیاء کے اسٹالز اور تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر ثقافت نے کہا کہ میوزیکل ایونٹس میں ملک کے مشہور گلوکار قومی گیت پیش کریں گے،سندھ آرکائیوز کی جانب سے قدیم خطوط، اخبارات، تصاویر، کہانیوں سمیت آزادی سے متعلق مواد کی نمائش منعقد کی جائے گی،جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات پر سندھ بھر میں جشن کا سماں نظر آئے گا،قومی جوش و جذبے کیساتھ تمام ایونٹس کو کامیاب بنائیں گے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ متحد اور یکجا ہوکر ملک کے دشمنوں اور سازشی عناصر کو منہ توڑ جواب دینا ہے،محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے یکم سے ۱۴ اگست تک تقاریب کا سلسلہ جاری رہے گا،
اجلاس میں حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی رح کے عرس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے عرس کے موقع پر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ۹اگست سے ۱۱ اگست تک تین روز بھٹ شاہ میں عرس کی تقاریب جاری رہیں گی،ملک بھر سے زائرین عقیدتمند عرس کی تقاریب میں شرکت کرے گا۔