کراچی: میئرکراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں سہولت اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے عظیم پورہ روڈ پر نئے فلائی اوور کی تعمیر کو حتمی شکل دے دی ہے، اس منصوبے کے ذریعے شاہراہ بھٹو اور شارع فیصل جیسے دونوں شہر کی مصروف ترین شاہراہوں کے درمیان براہِ راست، سگنل فری رابطہ ممکن ہوگا، جس سے خاص طور پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب سفر کرنے والے شہریوں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا
اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی، چیف انجینئر ذوالفقار ابڑو، مشیر مالیات گلزار علی سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے، اجلاس میں اس منصوبے کے PC-1 کو حتمی شکل دی گئی ہے منصوبے کی باضابطہ منظوری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ سے حاصل کرنے کے بعد تعمیراتی کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا، اور ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلائی اوور تقریباً 500 میٹر طویل ہوگا اور اسے جدید طرز پر اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور ہزاروں روزانہ کے مسافروں کو بہتر رسائی ممکن بنائی جا سکے، منصوبے کے لیے حال ہی میں 1.4 ارب روپے کی بلاک الاٹمنٹ کی منظوری کے بعد یہ فلائی اوور کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اہم متبادل راستہ ثابت ہوگا، خاص طور پر شاہراہ بھٹو پر جاری ترقیاتی کاموں کے تناظر میں۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف سفر کا دورانیہ کم کرنا ہے بلکہ پائیدار اور مضبوط شہری انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے شہر کے مجموعی وژن کو بھی تقویت دینا ہے، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام جدید شہری نقل و حمل اور سمارٹ ٹریفک پلاننگ کی طرف شہر کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس سے شہریوں کو طویل المدتی ریلیف اور مختلف اضلاع کے درمیان بہتر روابط میسر آئیں گے۔