نوری آباد میں3 لاکھ گیلن یومیہ گنجائش والےایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح

مشیر وزیر اعلیٰ سندھ دوست محمد راہموں نے نوری آباد میں3 لاکھ گیلن یومیہ گنجائش والےایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کیا۔

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی دوست محمد راہموں نے نوری آباد میں احمد ٹیکسٹائل ملز کے 3 لاکھ گیلن یومیہ گنجائش والے جدید صنعتی ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سیپا وقارحسین پھلپوٹو، نوری آباد ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (ناٹی) کے صدر ضیاء الرحمٰن، احمد ٹیکسٹائل کے مالک سیٹھ اشرف اورسیپا حیدرآباد ریجن کے افسران  بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران مشیرِ وزیراعلیٰ دوست محمد راہموں نے کہا کہ سندھ حکومت صنعتی ترقی کو ماحولیاتی تحفظ سے ہم آہنگ کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صنعتی زونز میں ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ جدید ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ صرف صنعتی فضلہ صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہےبلکہ اسے دوبارہ قابل استعمال بنا کر قیمتی آبی وسائل کی حفاظت میں بھی کردار ادا کرتا ہے جو ایک قابل تقلید مثال ہے۔

اس موقع پر مون سون سیزن کی مناسبت سے شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا جس میں مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے۔ ساتھ ہی ساتھ الرحیم ٹیکسٹائل انڈسٹری کا دورہ بھی کیا گیا جہاں واٹر ری سائیکلنگ پر مبنی ایک اعلیٰ معیار کا ٹریٹمنٹ سسٹم نصب ہے جو صنعتی فضلہ شدہ پانی کو مکمل طور پر ٹریٹ کر کے اسے دوبارہ صنعت میں استعمال کے قابل بناتا ہے۔

مشیر ماحولیات دوست محمد راہموں نے الرحیم ٹیکسٹائل کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلانٹ سندھ بھر کی صنعتوں کیلئے ماڈل ہے۔ سندھ حکومت ایسی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جو ماحول دوست پالیسیوں کو اپناتے ہوئے پائیدار ترقی کو فروغ دیتی ہیں۔صنعتی فضلے کی نگرانی کیلئے خودکار نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں اور سیپا کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ ہر سطح پر ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں