لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، باہمی تجارت، زراعت، صنعت اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں، ہماری جڑیں مشترکہ تاریخ، ثقافت اور قدروں میں پیوست ہیں۔ پنجاب بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکرو فنانس اور خواتین کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ خواتین کی قیادت میں صنعتی کلسٹرز، ڈیجیٹل اپ اسکلنگ پروگرامز اور ”ویمن فرسٹ“ ایجنڈے کے تحت شراکت داری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں، اور دونوں خطوں کے درمیان معلومات اور تجربات کا تبادلہ مفید ثابت ہو گا۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ جنوری 2025ء میں پنجاب نے ایک ایم او یو کے تحت بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کیا ہے۔ فارما اور میڈیکل ڈیوائسز کے میدان میں بھی دونوں خطوں کے درمیان تعاون کی گنجائش موجود ہے، جس میں مشترکہ برانڈنگ، عالمی معیار کی لیبارٹریز اور سستی برآمدات شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے ویزا کلیئرنس میں آسانی، انسپیکشن کے مراحل میں نرمی اور ڈھاکہ ایئرپورٹ پر سکیورٹی ڈیسک کے خاتمے کو باہمی اعتماد کی علامت قرار دیا۔
مریم نواز شریف نے لاہور اور ڈھاکہ میں پاکستان بنگلہ دیش جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی اقدامات اور عوامی فلاحی وژن کو سراہا اور تعاون کے فروغ پر امید ظاہر کی۔