منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے عوامی توقعات کے مطابق مکمل کیے جائیں گے:نواز علی بروہی

منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین کی زیرِ صدارت بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس

کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے سلسلے میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی زیرِ صدارت بلڈنگ اینڈ روڈ (بی اینڈ آر) ڈیپارٹمنٹ کا ایک نہایت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں  وائس چیئرمین رانا محمد عارف، میونسپل کمشنر آغا خلیق، کونسل ممبر علی اکبر کا چھیلو سپریڈنٹ انجینیئر پیر شوکت شاہ ایکسین  سمیع اللہ بروہی  اے ڈبل ای  انجینئرز، بی اینڈ آر اور مختلف یونین کونسلوں کے منتخب نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے ٹاؤن کی مجموعی ترقی، جاری منصوبوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کی ترجیحات پر تفصیل سے گفتگو کی۔

بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران اور انجینئرز نے چیئرمین کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ مختلف علاقوں میں درکار نئی اسکیموں، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گلیوں کی پختگی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اور پیور بلاک منصوبوں کے حوالے سے مفصل تجاویز پیش کی گئیں۔ منتخب نمائندگان نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور عوامی مطالبات کو اجاگر کرتے ہوئے ان منصوبوں میں شمولیت کی درخواست کی۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کے شہریوں کو معیاری، دیرپا اور جدید بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ناقص معیار ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام افسران اور متعلقہ محکمے  کو ہدایت دی گئی کہ تمام منصوبے مکمل دیانت داری، شفافیت اور بروقت تکمیل کے اصولوں کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ عوامی وسائل قوم کی امانت ہیں، اور ان کا ہر روپیہ خالصتاً عوامی مفاد میں خرچ ہونا چاہیے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ چیئرمین حاجی نواز  علی بروہی  نے صفائی و ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ متوقع مون سون بارشوں سے قبل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور نکاسی کے تمام راستوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی صرف منصوبے مکمل کرنے کا نام نہیں بلکہ ایک مربوط، مستحکم اور پائیدار نظام کی تشکیل ضروری ہے جو آئندہ کئی برسوں تک عوام کو سہولت فراہم کرتا رہے۔ ان کا عزم ہے کہ منگھوپیر ٹاؤن کو کراچی کے صاف ستھرے، منظم اور مثالی علاقوں کی صف میں شامل کیا جائے گا۔

اجلاس کے تمام شرکاء  نمائندگان، انجینئرز، افسران، وائس چیئرمین اور میونسپل کمشنر — نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں، مستقل مزاجی اور دیانت دارانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ تمام شرکاء نے اس خواب کی تکمیل کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے عوامی توقعات کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا اصل مقصد عوامی خدمت ہے، اور ان شاء اللہ، منگھوپیر ٹاؤن جلد ایک ایسا ماڈل علاقہ بنے گا جہاں ہر شہری کو تمام بنیادی سہولیات باعزت، بروقت اور شفاف انداز میں میسر آئیں گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں