چیئرمین گلبرگ ٹاؤن کا بہادر یار جنگ اسکول کا دورہ، تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ
کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے یونین کمیٹی 8 میں واقع بہادر یار جنگ اسکول کا دورہ کیا اور اسکول میں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف، چیئرمین ورکس کمیٹی مرزا آفاق بیگ، یو سی کونسلر اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔اسکول کو ماڈل طرز پر جدید سہولیات کے ساتھ تزین و آرائش کا کام کیا جا رہا ہے۔ جاری کاموں میں چھت کی مرمت، دیواروں پر رنگ و روغن، المونیم کی نئی کھڑکیوں کی تنصیب، ڈیسکوں کی مرمت اور پالش شامل ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کی اسمبلی اور کھیلوں کے لیے اسکول گراؤنڈ میں پیور بلاک سے نیا فرش بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو قومیں اپنے تعلیمی معیار پر توجہ نہیں دیتیں، وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن کی سطح پر تمام سرکاری اسکولوں کو بتدریج ماڈل اسکولوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے یہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں انہیں اچھا ماحول میسر کرنا ہماری ذمہ داری ہے ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی امور کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری اسکولوں کو ماڈل ٹرس پر تبدیل کیا جائے جس کے لیے میں اور تمام بلدیاتی منتخب نمائندے کوشاں ہیں