
آرٹس کونسل میرا گھر اور یہاں کے لوگ میری فیملی ہے،امریکی تھیٹر انسٹرکٹر ہینا گیف
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے فزیکل تھیٹر ڈسپلے کا شاندار مظاہرہ آڈیٹوریم I میں کیاگیا جس میں امریکی قونصل خانہ کے پبلک افیئرز آفیسر لی میکمینس، صدر آرٹس کونسل محمد احمدشاہ، امریکی تھیٹر انسٹرکٹر ہینا گیف سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی، فزیکل تھیٹر ڈسپلے میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی تھیٹر اکیڈمی کے طلباءنے حصہ لیا، نظامت کے فرائض احسن باری نے انجام دیے۔

امریکی قونصل خانہ کے پبلک افیئر آفیسر لی میکمینس نے کہاکہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، ایسے تھیٹر اور گروپرامز کا انعقاد دونوں ممالک کی ثقافت اور لوگوں کو آپس میں جورنے اور روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہینا گیف باصلاحیت اداکارہ ہیں ، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے تعاون سے یہ سب ممکن نہیں تھا۔ ہینا گیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور آرٹس کونسل کراچی میرے دل میں بس گیا ہے، آرٹس کونسل میرا گھر اور یہاں کے لوگ میری فیملی ہے، آرٹس کونسل ایسا ادارہ ہے جہاں روزانہ پروگرام ہوتے ہیں ، یہاں کے بچے بہت قابل اور ہنرمند ہیں، میں احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، امید کرتی ہوں کہ آئندہ بھی مختلف پروجیکٹ کرنے پاکستان آتی رہوں گی۔

فزیکل تھیٹر ڈسپلے میں مختلف کہانیوں اور رقص کو طلباءنے مہارت کے ساتھ پیش کیا، جوکر اور کلون جیسے مختلف کرداروں کا روپ دھارے طلباءنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، فزیکل تھیٹر اداکاری کی وہ قسم ہے جس میں بنا کسی اسکرپٹ کے صرف اشاروں اور جسمانی حرکات اور تاثرات کے ذریعے اداکاری کی جاتی ہے۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہونے والے فزیکل تھیٹر کی ٹریننگ امریکی فزیکل تھیٹر انسٹرکٹر ہینا گیف نے دی ، ہینا گیف گزشتہ دو ماہ سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی تھیٹر اکیڈمی کے طلباءکو اداکاری کی کلاسز دے رہی تھیں، فزیکل تھیٹر انسٹرکٹر ہینا گیف کی زبردست تربیت کو شرکاءنے بے حد داد دی۔
