کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ عزاداران حضرت امام حسین ؓ کو ماہ محرم کے دوران تمام تر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی خصوصی طورپر ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھی جائے گی ا س ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی گنجائش نہیں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں بوہرہ برادری کی صالح مسجدحقانی چوک کے سیکریٹری علی بھائی چیتل والا،مفضل بھائی و دیگر سے ملاقات کے موقع پرکیا
اس موقع پر میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو،سپریٹینڈنٹ انجینئربی اینڈ آر سلمان رحمن میمن،سپریٹینڈنٹ انجینئرایم اینڈ ڈی ممتاز علی ذرداری اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے
چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کا کہنا تھا کہ محرم کا مہینہ ہمیں قربانی اور برداشت کے ساتھ ساتھ بھائی چارے اور باہمی اتحادکا درس دیتاہے واقعہ کربلا ہمیں دین اسلام کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردینے کا حوصلہ وقوت فراہم کرتاہے لہٰذا ہمیں اپنی زندگیوں میں بھی ایسے ہی ایثاروجذبہ قربانی کا مظاہرہ کرناچاہیے ضرورت اس امرکی ہے کہ ہم اپنے آپس کے تمام اختلافات کو بھلا کراپنے دین کی سربلندی کیلئے ایک ہوجائیں ہم پر لازم ہے کہ روزمرہ کے معمول سے بڑھ کر عوامی خدمت کے کاموں کو سرانجام دیں
اس موقع پر میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو کاکہنا تھا کہ عزاداران حضرت امام حسینؓ کو ہرممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے صدر ٹاؤن انتظامیہ مسلسل اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہے محرم کے موقع پر نکلنے والے مرکزی جلوسوں کی گزرگاہوں، امام بارگاہوں،مساجد،وعظ اور مجالس کے مقامات پر صحت وصفائی،سڑکوں کی استرکاری اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مرمت کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں یکم محرم تا یوم عاشورتک سبیلوں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ اسٹاف صدرٹاؤن کے مرکزی دفترمیں قائم کنٹرول روم میں 24گھنٹے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے موجودرہے گا جہاں کسی بھی شکایت کی صورت میں ٹیلی فون نمبر021-99211390-021-99211429پر رابطہ کیاجاسکتاہے۔