ترقیاتی بجٹ صرف رقم کی تقسیم نہیں، عوامی زندگی کو بہتر بنانے کا ایک ویژن ہے:شرجیل انعام

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ  سندھ حکومت کا ترقیاتی بجٹ صرف رقم کی تقسیم نہیں، بلکہ عوامی زندگی کو بہتر بنانے کا ایک ویژن ہے،2025-26 کا ترقیاتی بجٹ پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں، چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے ویژن کا تسلسل ہے۔

ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے  اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ   1.018 ٹریلین روپے کا تاریخ ساز ترقیاتی بجٹ پیش کر کے ثابت کر دیا کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے، عملی کام پر یقین رکھتے ہیں،  حکومت سندھ نے مالی سال 2025-26 کے لیے عوامی ضروریات اور دیرینہ مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے اہم ترقیاتی منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ  ڈویژنل ہیڈکوارٹرز حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد کے لیے 7، 7 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج فراہم کیا ہے،  ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سڑکوں کی بہتری، واٹر سپلائی، ڈرینیج، تعلیم، صحت اور دیگر شہری سہولیات کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ  کراچی میں کورنگی کازوے پل کی تعمیر، شاہراہِ بھٹو کی توسیع اور سیف سٹی منصوبے کا دائرہ بڑھانا حکومتی ترجیحات میں ہیں،  سندھ بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے، حب کینال کی بحالی کے لئے 3.1 ارب روپے، شہدادکوٹ واٹر سپلائی اسکیم کے لئے 2 ارب روپے رکھے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 5 ایم جی ڈی سمندری پانی کو میٹھا بنانے والا پلانٹ، اور ٹی پی 4 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسے منصوبے عالمی اداروں کے تعاون سے مکمل کئے جائیں گے،  دو لاکھ کسانوں کی مالی معاونت کے ساتھ زراعت کے شعبے میں 33 ارب روپے کی لاگت سے میکانائزیشن پیکج، ڈرپ اریگیشن سسٹم، اور ہارٹی کلچر کلسٹرز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر جاری ہے، جن کے مالکانہ حقوق خواتین کو دے کر انہیں بااختیار بنایا جا رہا ہے، مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کو سہولیات کی فراہمی، مالی امداد اور بحالی کے لیے 21.7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ کل 3,642 منصوبوں میں سے 3,161 جاری اسکیمیں اور 481 نئی اسکیمیں شامل ہیں، جب کہ 119.5 ارب روپے خصوصی ترقیاتی اقدامات کے لیے رکھے گئے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں