ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر نے پیور بلاک کے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا

کراچی: منگوپیر ٹاؤن کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے یوسی 2 مغل ہزارہ امام بارگاہ کے اطراف جاری پیور بلاک کے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ حاجی نواز علی بروہی خود موقع پر موجود رہے اور پورے کام کو اپنی براہِ راست نگرانی میں مکمل کروایا، تاکہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے معیار، شفافیت اور رفتار میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔

چیئرمین نے موقع پر موجود عملے اور افسران کو ہدایت کی کہ کام میں اعلیٰ معیار اور دیرپا تعمیر کو یقینی بنایا جائے، خاص طور پر امام بارگاہ جیسے مذہبی مقامات کے اطراف جہاں زائرین کی بڑی تعداد آتی ہے، وہاں صفائی، نکاسیٔ آب اور ہموار راستوں کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام محرم الحرام سے قبل مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عبادت گزاروں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

حاجی نواز علی بروہی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا:

"منگوپیر ٹاؤن کے ہر علاقے کی ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ عوام نے جو اعتماد مجھ پر کیا ہے، میں اسے خلوص، خدمت اور عملی اقدامات سے پورا کر رہا ہوں۔ خاص طور پر امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کے اطراف کا انفراسٹرکچر مضبوط بنانا ہماری دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن بھر میں ترقیاتی کام دن رات جاری ہیں، اور ہر منصوبے پر وہ خود جا کر جائزہ لیتے ہیں تاکہ کام کاغذوں تک محدود نہ رہے بلکہ زمین پر نظر آئے۔

علاقہ مکینوں نے حاجی نواز علی بروہی کی موجودگی، ان کی سنجیدگی اور مسلسل نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ کوئی چیئرمین خود کام کے دوران موقع پر موجود رہ کر عوامی مسائل کا حل یقینی بنا رہا ہے۔ عوام نے شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی تسلسل کے ساتھ ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔

آخر میں حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگوپیر ٹاؤن کو صاف، محفوظ، ترقی یافتہ اور عوام دوست ٹاؤن بنانے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں