کراچی: محرم الحرام جیسے عظیم اور مقدس مہینے کی آمد کے موقع پر منگھوپیر ٹاؤن کی انتظامیہ نے عوامی خدمت، دینی احترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے جذبے کے تحت ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا۔
یہ اہم اجلاس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی زیر صدارت رمضان گوٹھ آفس میں منعقد ہوا، جس میں شہر کے تمام بڑے محکموں، سیکیورٹی اداروں، اور مذہبی حلقوں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
اس بامقصد اجلاس میں شیعہ و سنی علمائے کرام، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، محکمہ صحت، پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو ادارے، بلدیاتی نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے، جبکہ منگھوپیر ٹاؤن کے میونسپل کمشنر آغا خلیق کی موجودگی نے اجلاس کی افادیت اور وقار میں مزید اضافہ کر دیا۔ اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی، روشنی کے بہتر انتظامات، نکاسی آب کے نظام، ٹریفک کی روانی، اور عوامی سہولیات کی مؤثر فراہمی کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جذبے اور اخلاص سے فرمایا: "محرم الحرام ہمیں ایثار، قربانی، اتحاد اور خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ ان مقدس ایّام میں ہماری اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ عزادارانِ امام حسینؑ اور عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ ہم ان عزاداروں کے خادم ہیں، اور ان کی خدمت ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے، جو عبادت سے کم نہیں۔”
انہوں نے تمام محکموں سے فرداً فرداً بریفنگ لی اور واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام جلوسوں کے راستوں پر مثالی صفائی، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، واٹر ٹینکرز کی بروقت فراہمی، اور طبی امداد کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پولیس اور ٹریفک پولیس کو سیکیورٹی اور جلوسوں کی روانی کے لیے بھرپور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی، جبکہ ریسکیو اداروں کو چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس کی ایک اور اہم بات یہ تھی کہ شیعہ و سنی علمائے کرام کی شرکت نے اتحادِ امت، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے جذبے کو مزید تقویت دی۔ علما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران برداشت، بھائی چارے، اور ضابطۂ اخلاق کی پاسداری ہی اصل کامیابی ہے، اور یہی اصل دین کی روح ہے یہ اجلاس منظم حکمتِ عملی، باہمی اتحاد، اور عملی یکجہتی کی ایک روشن مثال ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نہ صرف انتظامی صلاحیتوں کے حامل ایک باصلاحیت شخصیت ہیں بلکہ وہ دینی احترام، عوامی خدمت، اور معاشرتی ہم آہنگی کے جذبے سے بھی سرشار ہیں۔ ان کی قیادت میں منگھوپیر ٹاؤن ایک ایسا ماڈل علاقہ بن رہا ہے، جہاں دین، خدمت، نظم، اور عوامی ریلیف کا حسین امتزاج ہر سطح پر نظر آ رہا ہے۔