کراچی: گلبرگ ٹاؤن کی انتظامیہ نے مالی سال 2025-26 کے لیے 2 ارب 49 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار روپے کا بجٹ پیش کر دیا، جسے ”گرین بجٹ” کا نام دیا گیا ہے۔
بجٹ میں ماحولیاتی بہتری، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور جدید شہری سہولیات کو مرکزِ نگاہ بنایا گیا ہے۔گرین انیشیٹیوز کے تحت پارکس اور میدانوں کی بہتری کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
رین واٹر ہارویسٹنگ کے لیے 2 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس سے بارش اور وضو کے پانی کو محفوظ کر کے پارکوں کو سیراب اور زیر زمین پانی کو ری چارج کیا جائے گا۔تعلیم کے شعبے میں انقلابی قدم کے طور پر ”تعلیم کارڈ” متعارف کرایا جا رہا ہے، جو فیڈرل بی ایریا کے ذہین طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔بھی حال ہی میں فیڈرل بی ایریا کے 200 ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ اور شیلڈز تقسیم کی گئیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ تعلیم میں مزید آگے بڑھ سکیں۔
ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں میں جدید کمپیوٹر لیبز قائم کی جائیں گی۔ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کے لیے 5 کروڑ روپے بجٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔اسکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے۔ماضی میں سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے مناسب ڈیسک اور تعلیمی ماحول میسر نہیں تھا، مگر اب ان سہولیات میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔صحت کے میدان میں 4 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن سے دو ماڈل ہیلتھ کیئر یونٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔ہر یونین کونسل میں ایک ماڈل محلہ بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
اس وقت تک دو ماڈل محلے مکمل کیے جا چکے ہیں: روشن باغ اور عزیزآباد۔ ان علاقوں کو صاف، روشن، اور بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ وہ باقی علاقوں کے لیے مثال بن سکیں۔اوپن ایئر جم کا منصوبہ بھی گلبرگ ٹاؤن میں متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی کی طرف راغب کیا جا سکے۔انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی بحالی کے لیے 26 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ”روشن گلبرگ” منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس کے ذریعے ٹاؤن میں روشنی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
چئیرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ ”یہ بجٹ شہریوں کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔”
وائس چئیرمین محمد الیاس کا کہنا تھا کہ ”ہم ہر یوسی کو ماڈل یونٹ میں تبدیل کریں گے تاکہ ہر شہری کو معیاری ماحول میسر ہو۔”میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام منصوبے شفافیت، تیزی اور معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے