کراچی:سندھ اسمبلی بجٹ سیشن سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خطاب میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر محکمہ اطلاعات نے "آئی ورک فار سندھ” ایپ متعارف کرائی، جو 14 مارچ 2025 کو لانچ ہوئی۔ اب تک اس ایپ میں 72 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 27 ہزار 12 افراد نوکری کے متلاشی ہیں اور 12 ہزار 310 افراد کو روزگار مل چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ایپ میں سرکاری و نجی ادارے شامل کیے گئے ہیں اور عوامی اعتماد کے باعث اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سب سے پہلے ایران پر ہونے والے حملے کی مذمت کی۔
بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے مختلف صحافتی تنظیموں کو 29 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹس دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کو بتائیں کہ حکومت کیا کر رہی ہے۔ گزشتہ برس حکومت سندھ نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے صحافیوں کو سندھ کا دورہ کروایا تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے ترقی دیکھیں۔ ان صحافیوں نے تھر کا دورہ کر کے اعتراف کیا کہ ان کا تاثر تبدیل ہو گیا۔
شرجیل انعام میمن نے فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی بحالی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت نے اس کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں کیونکہ پاکستان میں سینیما بند ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی فلم انڈسٹری میں جھوٹی فلمیں بنا کر بیانیہ پھیلایا جاتا ہے، حالیہ پاک بھارت جنگ پر بھارت میں 111 فلمیں بن رہی ہیں۔ سندھ حکومت نے بھی فلمسازی کے لیے بجٹ میں رقم رکھی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیک نیوز کی روک تھام کے لیے محکمہ اطلاعات نے ایک سیل قائم کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے موبائل فٹنس سرٹیفکیٹ ایپ متعارف کروائی گئی ہے، جس سے گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جا رہی ہے اور اب QR کوڈ کے ساتھ اصلی سرٹیفکیٹس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ جعلسازی روکی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس ہر ایک کے لیے لازمی ہے، کیونکہ ناقص گاڑیاں حادثات کا سبب بنتی ہیں تاکہ دنیا بھر کو پاکستان کے حقیقی بیانیہ سے آگاہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے سندھ حکومت کو منتقل ہونے کے بعد اس کی رائیڈرشپ میں 15 ہزار کا اضافہ ہوا اور حکومت اس تعداد کو ایک لاکھ تک لے جانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اورنج لائن اور گرین لائن کو جوڑنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ پیپلز بس سروس کو مزید بسوں کے ساتھ وسعت دی گئی ہے اور اے ایف سی سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس سے صارفین ATM کارڈ کی طرح کرایہ ادا کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر نقدی بھی نکال سکتے ہیں۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانہ میں یہ سروس فعال ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس سندھ حکومت نے شروع کی جبکہ پنک بس سروس نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خواتین کے لیے مخصوص پہلی سروس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کو 1000 پنک ای وی اسکوٹرز دے رہی ہے جن کے لیے اب تک 8 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور 145 خواتین کو لائسنس جاری ہو چکا ہے۔ اب مزید 7 ہزار درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔ جب ایک ہزار خواتین سڑکوں پر اسکوٹر چلاتی نظر آئیں گی تو لوگوں کی سوچ بدلے گی۔ کے ایف سی نے پیشکش کی ہے کہ وہ اس پروگرام کو اسپانسر کرے گا اور ہر ضلع میں خواتین کو تربیت دے گا اور لائسنس جاری کرائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت اب پنک ای وی ٹیکسی بھی شروع کرنے جا رہی ہے، جس میں خواتین ڈرائیورز ہوں گی تاکہ خواتین کو محفوظ سفری سہولت میسر آئے۔ ریڈ لائن منصوبے میں کچھ اعتراضات سول ایوی ایشن کی جانب سے سامنے آئے تھے، جو اب حل ہو چکے ہیں۔ نگران سیٹ اپ کے دوران ریڈ لائن پر 9 ماہ تک کام نہیں ہوا۔ ایک ایم پی اے نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ تاخیر ہوگی تو پیسے بڑھیں گے۔ یلو لائن منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کیا جا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کر رہی ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں۔ جن لوگوں کے پاس جھونپڑیاں تھیں، ان کو پکے گھر دیے جا رہے ہیں اور خواتین کو ان گھروں پر مالکانہ حقوق دیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ سندھ حکومت، وفاقی حکومت، پاک فوج اور عالمی بینک کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ کے تحت دو لاکھ گھروں کو سولر سسٹم کی سہولت دی جا رہی ہے۔