کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر احمد یار کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، نکاسی آب، اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایم اینڈ ای)نور علی جمالیAEE وسیم آرائیں نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اسٹریٹ لائٹس، جنریٹرز اور بجلی سے متعلق سہولیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ گڈاپ ٹاؤن کی حدود میں تمام اہم مقامات پر روشنی کے انتظامات مکمل کیے جائیں گے، اور کسی بھی قسم کی خرابی کی صورت میں فوری رسپانس ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔
ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری نے صفائی و ستھرائی کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جلوس کے روٹس اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور چونے کے چھڑکاؤ و اسپرے کا کام بھی بروقت مکمل کیا جائے گا۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور باہمی رابطے کے تحت ایک جامع اور فعال نظام ترتیب دیا جارہا ہے محرم الحرام کا مہینہ ہمیں صبر، ایثار، قربانی اور حق و سچ کی راہ پر ثابت قدمی کا درس دیتا ہے۔ امام حسینؑ اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیاں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ یہ مہینہ ہمیں اتحاد، اخوت اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس مقدس مہینے کے دوران ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کی جانب سے تمام تر ممکنہ انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ انتظامیہ عزاداران امام حسینؑ کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے فرائض باآسانی اور پرامن ماحول میں انجام دے سکیں۔
میونسپل کمشنر احمد یار نے کہا کہ محرم الحرام کے اس مقدس مہینے میں تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کریں تاکہ عزادارانِ امام حسینؑ کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایم اینڈ ای)نور علی جمالی، ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ،ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر،ڈائریکٹر پراپرٹی سہیل یار خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری،AEE وسیم آرائیں، اسسٹنٹ انفارمشین شاہ محمد شاہ،انچارچ سینیٹیشن علی پلیجو،پی ایس چیئرمین لعل جان نبی ودیگر بھی موجود تھے۔