بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کا آغاز کر دیا ہے: مرتضی وہاب

کراچی: میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر برساتی پانی کی نکاسی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے شہر بھر میں نالوں کی صفائی کی ایک جامع مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی کے جمع ہونے کی صورتحال سے بچا جا سکے اور برساتی پانی کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے، یہ بات انہوں نے شہر میں برساتی نالوں کی صفائی کا معائنہ کرنے کے موقع پر کہی، میونسپل کمشنر سید افضل زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہ مہم حکومتِ سندھ کے محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کی بروقت فراہمی کے بعد شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد شہر کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بچاؤ کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ ابتدائی طور پر ہجرت کالونی نالہ، مچھر کالونی نالہ اور پی آئی ڈی سی نالہ سمیت دیگر اہم مقامات پر صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے،یہ مقامات گنجان آباد علاقوں میں نکاسی آب کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مختلف مقامات پر جاری صفائی کے کاموں کا معائنہ کیا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو ہدایت دی کہ تمام کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ مون سون سیزن سے قبل، دوران اور بعد میں نکاسی آب کا نظام بغیر کسی رکاوٹ کے فعال رہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی مون سون میں برساتی پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو جو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں اور تمام محکمہ جاتی عملہ اور مشینری ہمہ وقت کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کا عمل پورے سیزن میں جاری رہے گا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی برساتی پانی کی نکاسی کے لیے مربوط انتظام کررہی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی مہم میں تعاون کریں تاکہ شہر کو محفوظ اور صاف رکھا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں