لاہور: بچوں سے جبری مشقت کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک پراثر پیغام جاری کرتے ہوئے چائلڈ لیبر کو معاشرتی المیہ اور قومی مستقبل کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، جن کا سدباب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ "بچوں کے ہاتھ میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، نہ کہ اوزار اور اینٹیں۔ کم سنی میں بوجھ اٹھانے والے بچے ہر مہذب معاشرے کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم معصوم بچوں کا بچپن محفوظ نہ بنا سکے تو آنے والے کل میں ہمارا معاشرہ مفید شہریوں سے محروم ہو جائے گا۔”
مریم نواز نے کہا کہ "چائلڈ لیبر بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، بچے میری ریڈ لائن ہیں۔”حکومت مؤثر پالیسیوں کے ذریعے بچوں کو جبری مشقت سے نجات دلا کر تعلیم کی طرف لا رہی ہے، تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں۔
