محکمہ موسمیات نے عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے تاہم کراچی میں ہیٹ ویوکا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گرمی کی غیرمعمولی لہرکے سبب بالائی، وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقے، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان 7 سے 12جون کے درمیان ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
درجہ حرارت معمول سے7 ڈگری اضافی ریکارڈ ہوسکتا ہے، حد سے زیادہ گرمی کی وجہ سے ملک کے میدانی علاقوں میں گردو غبار اور تیز ہوائیں چلنےکی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ شدید ہیٹ ویو کی وجہ سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہےکہ دن کے وقت سورج کی براہ راست روشنی سے بچیں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔شمالی علاقوں میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت پیش گوئی کی مدت کے دوران برف پگھلنےکی شرح کو بڑھانے کاسبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ موجودہ گرمی کی لہرکے دوران کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے
عید کے تینوں روز کراچی میں موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے اور اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
