کراچی: عیدالاضحی کے موقع پرنیو کراچی ٹاؤن کی منظوری سے قائم کی جانے والی پہلی مویشی منڈی کا چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے دورہ کیا۔
ٹی ایم سی مویشی منڈی میں کیے جانے والے انتظامات، صفائی ستھرائی اور خریدارشہریوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر،چیئرمین یوسی 10 فیصل قاری،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مُشتاق احمد خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی، ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبید الرحمن،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکس صدیق علی،ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو نعمان ودیگر بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے مویشی منڈی انتظامیہ سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت جاری کی کہ قربانی کے جانور خریدنے کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ خریدار با آسانی جانوروں کا انتخاب سکیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ منڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، پانی کے ٹینکرز، روشنی کا مناسب انتظامات اور صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر کیا جائے۔جانوروں کے بیوپاریوں کے لیے بھی سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔ چیئرمین محمد یوسف نے مویشی منڈی میں صفائی کا معیار تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے مویشی منڈی میں قائم کئے گئے پانی کے پوائنٹس، بیٹھنے کے مقامات اور پارکنگ ایریاز کا معائنہ کرتے ہوئے شہریوں سے مویشی منڈی میں موجود مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کو سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی میں کسی قسم کی پریشانی درپیش نا آئے،نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔مویشی منڈی میں موجود شہریوں اور بیوپاریوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے کیے جانے والے اس دورے اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ عیدالاضحی تک منڈی کے انتظامات مزید بہتر ہوں گے۔واضح رہے کہ ٹی ایم سی مویشی منڈی کا قیام سیکٹر 11-I نارتھ کراچی سابقہ بدھ بازار گراؤنڈ میں ہوا ہے۔
