وزیراعلیٰ سندھ کا ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے پر پیغام
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے پر اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے منایا جا رہا ہے،نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صحت مند زندگی اور تمباکو سے پاک ماحول دینا ہمارا مشن ہے،تمباکو نوشی صرف ایک عادت نہیں بلکہ ایک مہلک بیماری کی جڑ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے تمباکو کے خلاف قانون پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔سندھ حکومت تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور عوامی مقامات پر تمباکو پر پابندی کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی ترک کریں اور دوسروں کو بھی بچائیں،آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ صحت ہمارا حق ہے، اور ہمیں اپنی زندگی کو تمام تر خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
