کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں یومِ تکبیر شایان شان طریقے سے منایا گیا یوم تکبیر کے موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ ، وائس چیئرمین محمد الیاس، میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ،سابقہ ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ،کے ہمراہ پرچم کشائی کی اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن محمد علی، ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف، ڈائریکٹر کونسل سلیم صدیقی، ڈائریکٹر سینٹیشن وقار احمد، ڈائریکٹر ٹیکسز عارفین زمان اور دیگر ڈپٹی ڈائریکٹر افسران اور عملہ کی بڑی تعداد موجود تھی چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب ہمارے سائنسدانوں اور عسکری قیادت نے جرات مندی اور عزم و ہمت کے ساتھ ملک کو ایٹمی قوت بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اس جذبے کو زندہ رکھتے ہوئے تعلیم، تحقیق اور قومی خدمت کے میدان میں بھی ترقی کی نئی راہیں ہموار کریں۔ یومِ تکبیر ہمیں خودداری، قومی اتحاد اور دفاعِ وطن کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، سائنسی شعور اور اخلاقی اقدار سے آراستہ کریں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کر سکیں۔
میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ نے کہا کہ 28 مئی نہ صرف ایک تاریخی دن ہے بلکہ یہ ہماری خودمختاری، غیرت اور قومی سلامتی کا استعارہ بھی ہے۔ ہمیں اپنے شہداء، سائنسدانوں اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے ہم سب یکجہت اور پرعزم ہیں۔