کراچی: لیاقت نیشنل میڈیکل کالج (LNMC) کا دسواں کانووکیشن لیاقت نیشنل اسپتال کے کنونشن سینٹر کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جہاں 103 ایم بی بی ایس گریجویٹس کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
تقریب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (JSMU) کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد اعظم خان نے فارغ التحصیل طلباءسے حلف لیا جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے گریجویٹس کو ڈگریاں عطا کیں۔
اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءکو اعزازات سے نوازا گیا ان میں ڈاکٹر مریم نے پہلی ، ڈاکٹر ملائیکہ علی نے دوسری اور ڈاکٹر علینہ امین محمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس کے علاوہ، ڈاکٹر منال ارشد ملک کو پانچ سالہ ایم بی بی ایس پروگرام میں بہترین تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر ”واجد علی شاہ میڈل برائے بہترین طالبہ (کلاس آف 2024)“ سے نوازا گیا۔ پرنسپل LNMC پروفیسر ڈاکٹر کریم اللہ مکی نے استقبالیہ خطاب میں طلبا اور ان کے والدین کو اس سنگ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کالج کے اعلیٰ تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے بتایا کہ LNMC سے اب تک 1200 سے زائد میڈیکل گریجویٹس فارغ التحصیل ہوئے ہیں جو پاکستان اور بیرونِ ملک مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ LNMC کو متعدد بین الاقوامی میڈیکل ریگولیٹری اداروں سے تسلیم شدہ حیثیت حاصل ہے، اور یہ کالج "وزٹنگ اسٹوڈنٹس لرننگ آپرچونٹیز (VSLO)” پروگرام کے تحت ایسوسی ایشن آف امریکن میڈیکل کالجز میں میزبان اور شراکتی ادارے کے طور پر بھی شامل ہے۔ انہوں نے LNMC کو پاکستان کے نجی شعبے کے بہترین میڈیکل کالجوں میں سے ایک قرار دیا اور تدریسی عملے کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ انسانیت کی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دیں اور مزید تعلیم کے حصول کے لیے کوشاں رہیں۔لیاقت نیشنل اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سلمان فریدی نے نوجوان ڈاکٹروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ زندگی میں کامیابی کا اصل مقصد دوسروں کی مدد اور خوشی کا ذریعہ بننا ہے، انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ صرف ذاتی خواہشات کی تکمیل پر توجہ نہ دیں بلکہ معاشرتی خدمت کو بھی اپنا مشن بنائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر یں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بطور معالج ان کی علمی مہارت کے ساتھ اخلاقی، مالی اور پیشہ ورانہ دیانت داری بھی ان کے کیریئر کا اہم جزو ہوگی۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے خطاب کرتے ہوئے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور اساتذہ کی کوششوں کو سراہا اور LNMC کی مسلسل تعلیمی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ JSMU ایک الحاق شدہ یونیورسٹی کے طور پر LNMC کی معیاری تعلیم اور میرٹ پر مبنی نظام کا مشاہدہ کر چکی ہے اور طلباءکے نتائج اس کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ خدمت کا جذبہ ہی پیشہ وارانہ کامیابی کی بنیاد ہے۔ طلبا بیرون ملک تعلیم کے مواقع ضرور حاصل کریں لیکن اپنے والدین کی قربانیوں کو کبھی نہ بھولیں ،زندگی کے ہر موڑ پر ان کا خیال رکھیں۔ یہ تقریب نہ صرف تعلیمی کامیابی کی علامت تھی بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز، اور اس عہد کی تجدید بھی تھی کہ طب کا پیشہ خدمت، شفقت، اور قیادت کا میدان ہے۔