کراچی: منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین اور ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت، حاجی نواز علی بروہی کی سرپرستی میں منگھوپیر قرعہ اندازی اسکیم کے تحت حج پر روانہ ہونے والے سات خوش نصیب افراد کے اعزاز میں ایک نہایت پروقار، روحانی اور محبت سے لبریز تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس خوبصورت تقریب میں ڈسٹرکٹ ویسٹ کی مکمل تنظیم کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں ٹاون کے افسران و عملے نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ حاجی نواز علی بروہی نے حجاج کرام کو گلے لگا کر خوش آمدید کہا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے، مٹھائی سے ان کا منہ میٹھا کیا اور ان کے لیے خیر و برکت کی خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "یہ تمام افراد اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، اور جو منگھوپیر ٹاون کے لیے ان کی خدمات ہیں وہ میرے لیے اعزاز سے کم نہیں منگھوپیر کے عوام کی خوشی اور راحت میری ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے یہ سات افراد نہ صرف ہمارے علاقے کا فخر ہیں بلکہ منگھوپیر ٹاؤن کی نمائندگی کرتے ہوئے حج کے عظیم فریضے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔”
تقریب میں شریک ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، نائب صدر صدیق اکبر، انفارمیشن سیکرٹری علی اکبر کاچھیلو، یوتھ کے صدر اختر لنڈ ،وائس چیئرمین رانا عارف، سینیئر رہنما عبدالمعیز خان، رؤف کاچھیلو،یونس مینگل ،اعظم مینگل ،شکور مینگل علی حسن ،اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے حاجی نواز علی بروہی کی عوام دوست سوچ اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے عوامی نمائندے ہیں اور اپنے اسٹاف کے لیے ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر بھی ثابت ہوئے جو نہ صرف بنیادی مسائل حل کرنے میں سرگرم ہیں بلکہ مذہبی و روحانی معاملات میں بھی عوام کے ساتھ پیش پیش رہتے ہیں۔
حجاج کرام اور ان کے اہل خانہ نے اس عزت افزائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ محبت، عزت اور خلوص ہمیں ہمیشہ یاد رہے گا۔ ہم دل کی گہرائیوں سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حاجی نواز علی بروہی کو سلامت رکھے اور ان کے والد نیک محمد بروہی کو صحت کاملہ عاجلہ عطا فرمائے اور انہیں مزید خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی اس کاوش کو نہ صرف منگھوپیر بلکہ پورے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں بے حد سراہا جا رہا ہے، اور اسے ایک مثالی عوامی خدمت کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تقریب نے ثابت کر دیا کہ اگر نیت نیک ہو تو عوامی نمائندہ صرف دفتر میں نہیں بلکہ دلوں میں جگہ بناتا ہے۔
