کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جو کھیو اور میونسپل کمشنر احمد یار کی خصوصی ہدایت پر گڈاپ ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلز میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے (فیومیگیشن) کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے یہ فیومیگیشن مہم انچارج راحیل آرائیں کی نگرانی میں انجام دی جا رہی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے محفوظ رکھنا ہے۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہاکہ گڈاپ کے عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے،فیومیگیشن مہم کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ شروع کیا گیا ہے تاکہ ہر گلی اور محلے میں اس کا اسپرے کیا جا سکے، ہم چاہتے ہیں کہ گڈاپ ٹاؤن کی عوام ہر بیمارے سے محفوظ رہیں،وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے حوالے سے کہا کہ یہ کارروائی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپرے مہم کا مقصد مچھروں، مکھیوں اور دیگر بیماری پھیلانے والے جراثیم کا خاتمہ ہے،میونسپل کمشنر احمد یار نے اس موقع پر کہاکہ اس ا سپرے مہم کا مقصد صرف بیماریوں کا خاتمہ نہیں بلکہ عوام میں شعور اجاگر کرنا بھی ہے،صفائی ستھرائی اور احتیاطی تدابیر اختیار کیے بغیر ہم مکمل صحت مند زندگی نہیں گزارسکتے،عوام ٹاؤن کے عملے سے تعاون کریں تاکہ گڈاپ ٹاؤن کو صحت مند اور صاف ستھرا بنایا جا سکے، یہ اسپرے مہم مرحلہ وار گڈاپ ٹاؤن کی تمام یوسیز میں جاری ہے اور ہر علاقے کو مکمل طور پر کور کرنے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔
