کراچی: عثمان پبلک اسکولنگ سسٹم کیمپس 2 میں سالانہ بک فیئر کا انعقاد، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن و جنرل سیکریٹری جماعتِ اسلامی سندھ محمد یوسف نے خصوصی شرکت کی۔
شہرِ قائد کے ممتاز تعلیمی ادارے عثمان پبلک اسکول سسٹم کیمپس 2 میں سالانہ بک فیئر کا شاندار اور بھرپور انعقاد کیا گیا۔ اس علمی و ادبی تقریب کا افتتاح جماعتِ اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری وچیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کیا۔
تقریب میں جماعتِ اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری توفیق الدین، پرنسپل کیمپس 2 خالد زمان، وائس پرنسپل احمر خان اور دیگر اساتذہ و منتظمین بھی شریک تھے۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے اسلامی، سائنسی، تاریخی، ادبی اور نصابی موضوعات پر مشتمل معلوماتی کتابوں کے اسٹالز سجائے۔ ہر اسٹال دیدہ زیب اور دلکش انداز میں سجا ہوا تھا، جس میں طلبہ نے کتابوں کی فہرست، تعارف اور اہمیت پر مدلل گفتگو کی۔
مہمانانِ گرامی نے ہر اسٹال کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور علمی ذوق کی بھرپور تعریف کی۔
چیئرمین محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالعہ انسان کی شخصیت کو سنوارنے اور فکری وسعت عطا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نوجوان نسل کو کتب بینی کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول سسٹم علم، تربیت اور کردار سازی کا بہترین امتزاج فراہم کر رہا ہے، جو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ ہم نصابی اور فکری سرگرمیوں میں بھی طلبہ کو بھرپور مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں علمی، فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہماری کوششیں ہمیشہ سے جاری رہی ہیں اور جماعتِ اسلامی اس میدان میں عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ متحرک ہے۔عثمان پبلک اسکول سسٹم شہر کا ایک معیاری اور ممتاز تعلیمی ادارہ ہے، جو معیاری نصابی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور دینی تربیت کے ذریعے طلبہ کی جامع شخصیت سازی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ ادارے کے مختلف کیمپسز میں ہزاروں طلبہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں، جو ہر سال بورڈ امتحانات میں اعلیٰ پوزیشنز حاصل کرتے ہیں۔بک فیئر کی تقریب میں طلبہ نے کتابوں کے تعارف، مطالعے کی اہمیت اور مختلف ادبی شخصیات پر مبنی مختصر تقاریر بھی پیش کیں۔ علاوہ ازیں کہانی سیشن، کوئز اور مطالعے کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین محمد یوسف نے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں اور اسکول انتظامیہ کو کامیاب بک فیئر کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔پرنسپل خالد زمان اور وائس پرنسپل احمر خان نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول سسٹم ہمیشہ اپنی علمی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ کی ذہنی، فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے پروگرام منعقد کرتا رہے گا، تاکہ بچے مستقبل میں ایک باکردار، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت قوم کے نمائندے کے طور پر سامنے آئیں یہ شاندار بک فیئر علاقے کے تعلیمی و ادبی ماحول میں ایک مثبت اور خوشگوار اضافہ ثابت ہوگا اور طلبہ میں کتب بینی کا رجحان مزید فروغ پائے گا۔
