کراچی: خبردار! ہوشیار! جو گاڑی دھواں چھوڑ کر ماحول کو آلودہ کرے گی اب سڑک پر نہیں چلے گی۔
سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ آغا شاہنواز کی ہدایت پر 5 مئی سے جاری ویہیکولر ایمیشن کنٹرول مہم کے تحت کراچی میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔
سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائیاں تیز ہو چکی ہیں۔ اب تک 133 گاڑیوں کی انسپیکشن کی جا چکی ہے جن میں سے 94 گاڑیاں کلیئر قرار پائیں جبکہ 39 گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر موقع پر ہی چالان کر دیا گیاہے۔
چالان شدہ گاڑیوں پر ریڈ اسٹیکر چسپاں کیے جا رہے ہیں جس کا مطلب ہے 15 دن کی مہلت ورنہ گاڑی بند کر دی جائے گی۔
گرین اسٹیکر کلیئرنس کی علامت ہے جو گاڑی کو ماحول دوست قرار دیتا ہے۔
سیکریٹری آغا شاہنواز نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے۔ کوئی رعایت نہیں ہو گی نہ سفارش چلے گی اور نہ کسی کوتاہی کو معاف کیا جائے گا۔ جو گاڑی ماحولیاتی معیار پر پوری نہیں اترے گی وہ سڑک پر نہیں بلکہ ورکشاپ میں ہو گی۔ یہ صرف چالان کی مہم نہیں بلکہ بچوں اور بزرگوں کی سانسوں کا تحفظ ہے۔ شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں کیونکہ یہ صرف حکومتی مہم نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ صاف ہوا سب کا حق ہے اور کراچی کو آلودگی سے بچانے کے لیے یہ مہم 29 مئی تک پورے شہر میں سخت نگرانی کے ساتھ جاری رہے گی۔
سیکریٹری آغا شاہنواز نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب دھواں چھوڑنے والی گاڑی برداشت نہیں کی جائے گی۔ زیرو ٹالرنس کا مطلب ہے صفر برداشت،صفر رعایت!