لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف عبرت ناک جوابی کارروائی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا بھارتی جارحیت اور بزدلی کا دن کی روشنی میں دیا گیا جواب تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے پاک فوج کے سپاہیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "پاک سرزمین کے سپاہیو! تم پر سلام ہو، تمہارے جذبے کو سلام ہو، اور تمہاری غیرت کو سلام ہو۔ سلام ہے ان محافظوں کو، جنہوں نے صرف گولی سے نہیں بلکہ غیرت، حکمت اور شجاعت سے جواب دیا۔”
وزیر اعلیٰ نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کو محض جوابی کارروائی نہیں بلکہ ایک تاریخی اعلان قرار دیا کہ "ہم کمزور نہیں، امن کے لیے خاموش تھے۔ جب دشمن نے حد پار کی تو پاکستان نے صبر کو حکمت میں بدلا، اور کڑی ضرب دی۔”
مریم نواز نے مزید کہا کہ "پاکستان کا ایک ایک سپاہی مادرِ وطن کے تحفظ کی قسم کھا کر زندہ ہے۔ ہم امن کے خواہاں ضرور ہیں مگر جارحیت کا جواب خاموشی نہیں، ضرب ہوتا ہے۔ پاکستان کی سرحدیں صرف خاردار تاروں سے ہی نہیں، شہیدوں کے لہو سے محفوظ ہیں۔”
