منگھوپیر ٹاؤن کو ماڈل، ترقی یافتہ اور خوشحال علاقہ بنایا جائے گا:نواز علی بروہی

چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سندھ حکومت کے تعاون سے جاری پیور بلاک سے کیے جانے والے تعمیراتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔

معائنے کے دوران انہوں نے ترقیاتی کاموں کے معیار، رفتار اور شفافیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا، مٹیریل کو چیک کیا، اور مختلف مقامات پر بہتری کے لیے عملی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹاؤن کے انجینئرز، فیلڈ اسٹاف، منتخب بلدیاتی نمائندے، اور معززینِ علاقہ بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین کو منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ "منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو وہ تمام شہری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جن سے وہ برسوں سے محروم رہے ہیں۔ پیور بلاک سے ہونے والے ترقیاتی کام صرف وقتی حل نہیں، بلکہ ایک پائیدار اور خوبصورت مستقبل کی بنیاد ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا "عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے، اور ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر منصوبے میں دیانتداری، شفافیت اور اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے۔ کسی بھی قسم کی غفلت، ناقص مٹیریل یا کرپشن کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی — خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”

پیور بلاک کے استعمال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ جدید، مضبوط اور موسمی اثرات سے محفوظ بلاکس گلیوں، فٹ پاتھوں اور شاہراہوں کی تعمیر میں استعمال ہو رہے ہیں، جو نہ صرف علاقے کو خوبصورت بنائینگے بلکہ طویل مدت تک پائیدار بھی ثابت ہوں گے۔دورے کے دوران علاقے کے شہریوں کی بڑی تعداد چیئرمین کے ہمراہ تھی، جنہوں نے ان کے ترقیاتی وژن، مسلسل موجودگی اور مسائل کے حل میں دلچسپی کو سراہا۔ شہریوں نے شکایات اور تجاویز بھی پیش کیں جنہیں چیئرمین نے فوری طور پر نوٹ کیا اور متعلقہ حکام کو فوری عمل درآمد کی ہدایت دی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین نے کہا، "ہم نے سیاست کو خدمت خلق اور عبادت کا ذریعہ بنایا ہے۔ میرا ہر قدم عوامی فلاح، علاقائی ترقی اور کراچی کے بہتر مستقبل کی جانب ہے۔ میں ذاتی طور پر تمام منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہوں تاکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق یقینی طور پر فراہم کیے جا سکیں۔”

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ایک ماڈل، ترقی یافتہ اور خوشحال علاقہ بنایا جائے گا اور یہ سفر عوام کے اعتماد، تعاون اور دعا سے کامیابی کی طرف گامزن ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں