کراچی: وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے یونین کمیٹی 9 میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر نیو کراچی سیکٹر 11-F کی مختلف گلیوں اور سڑکوں کو پیور بلاکس کی مدد سے پختہ کرنے کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے افسران و عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیرمیں میٹریل کی کوالٹی کا خاص خیال رکھاجا ئے،نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی کام معیار اور وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔منتخب نمائندوں کا نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرنے کا مقصد یہی ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے ایمانداری سے عوامی فلاح میں خرچ کیے جائیں۔یو سی 9 کے وائس چیئرمین حنظلہ انور قریشی نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندے علاقے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف اور اُن کی ٹیم عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے شب و روز مصروف ہے اور جلد نیو کراچی ٹاؤن میں جاری دیگر ترقیاتی کام مکمل کرلئے جائیں گے۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منتخب نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔
