وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بھارت پہلگام واقعے سے جڑے بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا رہا ہے۔ مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان کےخلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتاہے
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پاکستان بھارت کا خطےمیں مدعی،منصف اور جلاد کا خودساختہ کردارمسترد کرتا ہے
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خود دودہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے، پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اس طرح کے حملے کرنا بد قسمتی اور افسوس ناک ہے
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بین الاقوامی برادری کو سمجھنےکی ضرورت ہے کہ جنگ کے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی، پاکستان قوم اپنی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرےگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمے دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا، سچائی کو پتا لگانے، محرکات جاننے کے لیے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی
عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنےکا انتخاب کیا، یہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہوگا، غیرجانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بےنقاب کرنے کے لیے بڑ ا ثبوت ہے۔
