کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر احمد یار نے ہیٹ اسٹروک الرٹ جاری ہونے کے بعد انکی کی خصوصی ہدایت پر گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے سبیل کے خصوصی کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ اس وقت پاکستان بھر میں گرمیوں کے موسم میں گرم دنوں میں ہواؤں کے بند ہونے کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں موسم گرما کی شدت اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر ان کیمپس کا مقصد عوام کو فوری طبی امداد، ٹھنڈے مشروبات، پانی، اور سایہ دار مقامات کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
چیئرمین نے اس اقدام کو عوامی فلاح کا ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کی صحت اور تحفظ ہے، اور ان کیمپس کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے
میونسپل کمشنر احمد یار نے گڈاپ ٹاؤن کے تمام عملے کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو بھرپور سہولیات فراہم کریں اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے،گڈاپ ٹاؤن کے عوام کی جانب سے بھی اس اقدام کو سراہا گیا ہے اور شہریوں نے ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت میں یہ کیمپس ان کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔
وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیٹ اسٹروک کے دوران ہمارے بزرگ لوگوں کو اگر ضروری کام ہے تو باہر نکلے ورنہ گھر میں رہیں اور گرمی میں پانی کا استعمال وقفے وقفے سے کرتے رہے، اس ہیٹ اسٹروک پر گلشن حدید،میمن گوٹھ، سپر ہائی وے،اور دیگر مقامات پر کیمپس لگائے گئے ہیں تا کہ گڈاپ ٹاؤن کی عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے
اس موقع پر فوکل پرسن ہیٹ اسٹروک جہانگیر شیخ، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر لبنا مقبول، آفس سپرنٹنڈنٹ سید محمد رضا رضوی، کونسل ممبر دانش برفت، اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
