کراچی: کورنگی ٹاؤن میں چیئرمین محمد نعیم شیخ کی سربراہی میں افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے مونسپل کمشنر کورنگی ٹاون غلام فرید کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر کوآرڈینٹر کورنگی سر معیز الدین اورمحکمہ جاتی ڈائریکٹر و ڈپٹی ڈائریکٹر بھی موجود تھے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکموں کے سربراہان عوامی خدمت کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں اور اس حوالے سے اپنی تجاویز مرتب کریں،تمام محکمے باہمی تعاون اور مشاورت سے اہلیان کورنگی ٹاؤن کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنائیں، تمام محکموں کے افسران ملازمین کی حاضری کو 100 فیصد یقینی بناتے ہوئے آفس میں قوائد و ضوابط کے مطابق ڈسیپلین قائم کریں تاکہ خوشگوار ماحول میں بلدیاتی خدمات کو بہتر طور پر سر انجام دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کی بہتر حکمت عملی نے کورنگی ٹاؤن کو نمایاں مقام دلایا ہے اور اُن کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، عوام بلدیاتی نمائندوں کو اس لئے منتخب کرتی ہے کہ اُن کے بلدیاتی مسائل کوحل کیا جائے اور الحمداللہ ہم آج اس منصف پر موجود ہیں اور اہلیان کورنگی ٹاؤن کی ہم سے اُمیدیں وابستہ ہیں لہذا کورنگی ٹاؤن کے ہر علاقے میں مسائل کی نشاندہی کی جائے اور اُن کا فوری حل نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن میں عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے پارکس و پلے گراؤنڈزکو مرحلہ وار تزین و آرائش کے بعد بحال کیا جارہا ہے،ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں اور گلیوں کو پختہ کیا جارہا ہے،جبکہ علاقوں میں موجود واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل کو بھی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تعاون سے حل کیا جارہا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچائیں۔
