کراچی:ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاست ہمیشہ جھوٹ، منافقت اور عوام کو گمراہ کرنے پر مبنی رہی ہے، کراچی کی ترقی کے خلاف بیان بازی کرنے والی جماعت اسلامی خود غیر قانونی تعمیرات، قبضہ مافیا اور بدعنوانی کی سرپرستی کرتی رہی ہے۔
جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ نسلا ٹاور کی غیر قانونی تعمیر جماعت اسلامی کے کرپٹ نظام اور دوغلے چہرے کا منہ بولتا ثبوت ہے،کراچی کی تباہی کا رونا رونا رونے والی جماعت اسلامی نسلا ٹاور جیسے غیر قانونی منصوبوں کی پشت پناہی کرتی رہی ہے۔
گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ نسلا ٹاور منصوبے کی منظوری میں جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں اور ان کے سہولت کاروں کا براہ راست ہاتھ تھا،یہی لوگ غیر قانونی تعمیرات کروا کر عوام سے پیسہ بٹورتے ہیں اور بعد میں مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پیپلز پارٹی پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکے۔جماعت اسلامی والوں نے کراچی کو قبضہ مافیا اور کرپشن کی دلدل میں دھکیلنے میں سب سے بڑا کردار ادا کیا ہے۔
گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ نیسلا ٹاور کے گرنے سے جماعت اسلامی کے کرپٹ نیٹ ورک کو زبردست دھچکا پہنچا،جماعت اسلامی کو کراچی کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں، یہ لوگ صرف اپنی ناکام سیاست چمکانے کے لیے جھوٹا واویلا مچا رہے ہیں۔سندھ حکومت نے شہر کی جدید ضروریات کے مطابق کمرشلائزیشن کے قوانین میں ترامیم کیں۔سندھ حکومت چاہتی ہے کہ کراچی عالمی معیار کے مطابق ترقی کر سکے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت مستحکم ہو۔جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ کراچی پتھر کے زمانے میں ہی رہے تاکہ یہ اپنی منفی سیاست کے ذریعے عوام کو بلیک میل کر سکیں۔
