کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح یوسی 8 درویش کالونی میں سٹرک کی تعمیر کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جو کہ اہلیان محلہ کا دیرینہ مسئلہ تھا۔
اس موقع پراہلیان درویش کالونی کی جانب سے شاندار افطار ڈنر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی امیر جماعت اسلامی انجینئر عبد العزیز، چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب میں اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیرانجینئر عبدالعزیز نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور یہ ترقیاتی عمل بلدیاتی سطح پر ہمارے عزم کو مضبوط کرتا ہے کہ ہم عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
انہوں نے علاقے کے لوگوں کو بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پورے علاقے میں مزید ترقی کی راہیں ہموار ہوسکیں۔
چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر محلے اور یوسی میں بلدیاتی سہولتیں بہتر سے بہتر ہوں، اس سٹرک کی تعمیر ہونے سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولت ملے گی بلکہ مقامی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔ جناح ٹاؤن میں فنڈز کی عدم دستیابی کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل عوام کے اعتماد کا باعث ہے اور ہم ہر سطح پر عوامی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چیئرمین رضوان عبد السمیع نے اس موقع پرکہا کہ سٹرک کی تعمیر کے بعد علاقے میں صفائی، نکاسی آب، اور دیگر بنیادی سہولتوں کوبہتر کرنے کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اہل محلہ کو صاف و شفاف ماحول مل سکے۔
افتتاحی تقریب میں ضلعی امیرجماعت اسلامی نے شرکاء کواحادیث نبوی ﷺ اور قرآنی آیات کی روشنی میں بلدیاتی خدمات کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا،تقریب میں چیئرمین یوسی 8 جنید مکاتی، کونسلرز اور اہلیان محلہ نے شرکت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیااور چیئرمین جناح سمیت جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔
