کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع کی سربراہی میں جناح ٹاؤن کے مرکزی دفتر کے باہر فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں ٹی ایم سی جناح کے اراکین کونسل، افسران، ملازمین اور فلسطینی عوام کے درد میں شریک شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے میں فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔
شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام، بزرگ خواتین اور معصوم بچے گزشتہ ڈیڑھ سال سے اسرائیلی جارحیت کا شکار ہیں اور اس عرصے میں ہزاروں بے گناہ افراد شہید ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس سے محبت رکھنے والے فلسطینی عوام اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، اور ان کی قربانیاں ہر مسلمان کیلئے مشعل راہ ہے فلسطین کی آزادی کیلئے تمام امت مسلمہ ا پنے جان و مال قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور فلسطین کی آزادی کیلئے پاکستانی عوام فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھائے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے جب تک فلسطینی عوام کو ان کا حق نہیں ملتا، دنیا بھر کے مسلمان ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام کو ان کا حق مل سکے مظاہرے کے اختتام پر فلسطینی عوام کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزید عالمی دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے خصوصی دعاکرتے ہوئے کہا کہ احتجاج میں موجود عوام حالت روزہ میں اپنے فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں ہم سب ایمان کے سب سے چھوٹے درجے پر فائز ہیں اللہ پاک ہماری اس کوشش کو قبول فرمائے اور ہم سب کو فلسطینیوں کے امداد کیلئے قوت اور حوصلہ عطا فرمائے(آمین)۔
