جناح ٹاؤن کی انتظامیہ نے ٹاؤن کی خوبصورتی بحال کرنے کیلئے عالمگیر روڈ سے صفائی مہم کا افتتاح کردیا
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح کی انتظامیہ نے ٹاؤن کی خوبصورتی بحال کرنے کیلئے صفائی مہم کا افتتاح کردیا ہے۔ چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے اسسٹنٹ کمشنر جمشید زون ہاشم مسعود کے ہمراہ یوسی8بہادرآبادعالمگیر روڈ چار مینار چورنگی سے صفائی مہم کا آغاز کیا
اس موقع پر کوآرڈینیٹرجناح ٹاؤن، راؤ کاشف، چیئرمین سینیٹیشن کمیٹی طاہر اسلام ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد اقبال، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ز عامر عباس نوید اعوان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل جناح ٹاؤن کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرینگے۔جناح ٹاؤن کی یوسیز کوصفائی مہم کیلئے درجنوں ٹریکٹر ٹرالی،شاول اورگاربیج رکشے فراہم کردئے گئے۔
اس موقع پرچیئرمین رضوان عبد السمیع نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے ہم سب کو اس بات کو مد نظر رکھنا ہے لیکن ماضی میں انتظامیہ کی جانب سے کام کو غیر میعاری بنیادوں پرکیا گیا جس کے نتیجے میں ٹاؤن کی رونقیں ماند پڑگئیں لیکن ہم نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ اس ٹاؤن کو دیگر ٹاؤنز کیلئے منفرد اور مثالی بنائیں گے اس سلسلے میں میں آج عالمگیر روڈ سے صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے ساتھ ہی یہ مہم جناح ٹاؤن کی تمام یوسیز میں بھی شروع کردی گئی ہے اس کے لئے ٹاؤن نے تمام یوسیز کو 12ٹریکٹر ٹرالی، 12شاول اور 15گاربیج رکشے فراہم کئے ہیں تاکہ عید الفطر سے قبل جناح ٹاؤن کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کر یں گے
جناح ٹاؤن کی انتظامیہ شب و روز کو شاں ہے تمام کام مرحلہ وار مکمل کئے جارہے ہیں اگلے مرحلے میں ٹاؤن میں موجود کیبلز کو بھی زمین دوز کیا جائیگا اور ناکارہ کیبلز کا خاتمہ کیا جائیگا اور انشاء اللہ بہت جلدجناح ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنائینگے،انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ادارہ بلدیات کا ہے اگر ہم ہی عوام کی بلدیاتی ضروریات کو مکمل نہیں کرینگے تو کوئی دوسرا نہیں کریگایہ ہمارا فرض ہے اور ہم نے اس بات کا ہی عزم کیا ہے کہ عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرینگے جس کیلئے عوام نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے اپنا حق نمائندگی ہمیں دیا ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہاشم مسعود نے جناح ٹاؤن کے چیئرمین اور انتظامیہ کی جانب سے عوامی مفاد کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ضلعی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی انکا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ٹاؤن انتظامیہ کے ہمراہ متعدد جگہوں سے تجاوزات ہٹائے گئے ہیں جو کہ ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بن رہے تھے ساتھ ہی آج سے جناح ٹاؤن کی جانب سے صفائی مہم کا بھی آغاز کردیا ہے اور آئندہ بھی مشترکہ کوشش سے عوامی مفادکے امور انجام دئے جائینگے۔
