سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی آفیسرز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی شاندار لیگیسی کی وجہ سے وہ ہمیشہ اس درسگاہ کے تاریخی کردار، اس کے تقدس اور اس کے نام کو برقرار رکھنے کے لئے سوچتے اور کام کرتے رہتے ہیں۔ اس طرح اس ادارے سے وابستہ سب ملازمین پر یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پوری لگن کے ساتھ یونیورسٹی کی خدمت کریں اور اس کے بہترین سفیر کے طور پر اگر موقع ملے تو مختلف فورم پر اس کی نمائندگی کریں۔
یہ بات انہوں نے منگل کو یونیورسٹی کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے سربراہان کو اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا کہ صرف وہ ہی یونیورسٹیوں کو ملازمین کے تعاون کے بغیر چلا سکتے ہیں، ایسی منطق کے بجائے انہیں دوسرے ملازمین جیسے اساتذہ، افسران اور باقی ملازمین کے حیثیت کو قبول کرنا چاہیے، ان کی عزت و تکریم کو یقینی بنانا چاہیے، اہم سرگرمیوں یا فیصلوں میں انہیں شریک کریں اور ان کے جائز مسائل حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کے تین اسٹیک ہولڈرز ہوتے ہیں، جیسے فیکلٹی، افسران اور دیگر ملازمین۔ ان سب کا مل جل کر کام کرنے کا فائدہ بالآخر طلبہ کو ہی پہنچتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فخر سے کہتے ہیں کہ SMIU کے طلباء اپنی کارکردگی، ذمہ داری، نظم و ضبط، رویے اور خیالات میں دیگر یونیورسٹیوں کے طلباء سے بہترین ہیں۔
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر آصف حسین سموں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعات کی ٹیچرس اور آفیسرس ایسوسی ایشنس کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ان کو متعلقہ یونیورسٹی کی ترقی اور ملازمین کے حقوق کے لیے طویل المدتی اہداف وضع کرنے کا کلچر متعارف کرانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی جامعات کی ایسوسی ایشنس کو بڑے مقاصد کیلئے چھوٹی چیزوں کو چھوڑنا ہوگا۔ انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ملازمین کے مسائل حل کرنے، انہیں بہترین ماحول فراہم کرنے اور اسپیس دینے پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی قیادت سے ادارے کامیاب ہوتے ہیں اور یونیورسٹی اور اس کے ملازمین کی بہتری کے لیے اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عبدالوحید جتوئی نے ایس ایم آئی یو کے افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں بلا مقابلہ منتخب کیا اور عہد کیا کہ وہ سب مل کر یونیورسٹی کی ترقی کے لیے مزید ذمہ داری کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کا افسران، اساتذہ اور دیگر ملازمین کے مسائل کے حل میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
سندھ کی جامعات کے آفیسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سجاد علی شاہ نے اپنے خطاب میں ایس ایم آئی یو کو کامیابی اور خوش اسلوبی سے چلانے اور ملازمین کے مسائل پر ہمدردانہ توجہ دینے پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی اکثر یونیورسٹیوں میں دیکھا گیا ہے کہ زیادہ تر وائس چانسلرز ”تقسیم کرو اور حکومت کرو“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں لیکن یہاں SMIU میں ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ملازمین کی تمام انجمنوں کو متحد کر دیا ہے اور وہ مل کر اور ہم آہنگی کے ساتھ یونیورسٹی کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ کے باقی وائس چانسلرز بھی اس مثال پر عمل کریں تو ان کی یونیورسٹیوں میں ملازمین کے احتجاج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
قبل ازیں آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری مشتاق احمد گوپانگ اور نائب صدر ممتاز علی سومرو نے بالترتیب خطبہ استقبالیہ اور شکریہ کا کلمہ پیش کیا۔
جبکہ ایس ایم آئی یو کے ڈین ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ نشست کی نظامت محترمہ عظمیٰ بتول نے کی۔ اس موقع پر سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔
اس تقریب میں جامعہ سندھ جامشورو، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، خیرپور میرس، ڈاؤ یونیورسٹی کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور دیگر پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے آفیسرس ایسوسئیشنس کے نمائندوں، ایس ایم آئی یو کے ڈین ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو، ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، وائس چانسلر کے مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ، مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی اور افسران نے شرکت کی۔