شہر کا کچرا سمندر کو آلودہ کر رہا ہے،کراچی اب پہلے جیسا نہیں رہا:عبداللہ حسین ہارون

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے پیر کو اپنے آڈیٹوریم میں اپنی مقبول لیکچر سیریز کے تحت ”میرے تجربات اور ملاقاتیں“ کے عنوان سے ایک لیکچر کا انعقاد کیا، جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق نمائندے، سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر اور سندھ مدرستہ الاسلام کے ممتاز سابق طالب علم اور تحریک پاکستان کے رہنما سر عبداللہ ہارون کے پوتے عبداللہ حسین ہارون نے خطاب کیا۔

اپنی گفتگو میں عبداللہ حسین ہارون نے کراچی میں اپنی ابتدائی تعلیم، سماجی کام، سیاست، سفارت کاری، عوامی خدمت میں ہارون خاندان کی خدمات، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے پیشہ ورانہ کیریئر، تعلیم اور ماحولیاتی مسائل اور کراچی کے ماضی و حال کے بارے میں بتایا۔

عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام ایک تاریخی پس منظر رکھنے والا ادارہ ہے جہاں سے ان کے دادا سر عبداللہ ہارون اور دیگر عظیم شخصیات نے ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے ایس ایم آئی کے بانی خان بہادر حسن علی آفندی اور اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تعلیم کو ملک کی ترقی کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا۔

عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ ان کے دادا سر عبداللہ ہارون نے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ مل کر پاکستان بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا تھا، اور وہ قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان اور ان کے دادا سر عبداللہ ہارون نے علی گڑھ یونیورسٹی کی ان دنوں مالی مدد کی تھی جب یہ مالی بحران کا شکار تھی۔

اپنے خاندان کے پارلیمانی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ ہارون خاندان نے پارلیمانی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان میں سر عبداللہ ہارون، یوسف ہارون اور وہ خود شامل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1950 میں یوسف ہارون کے وزیر اعلیٰ سندھ کے دور میں سندھ اسمبلی نے ٹیننسی ایکٹ پاس کیا تھا، جس کے تحت کسان کو زرعی پیداوار میں مساوی حصہ کا حق دیا گیا تھا۔

انہوں نے کراچی شہر کی تاریخ اور ماحولیاتی مسائل کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس شہر میں سندھ مدرستہ الاسلام کی عمارتوں سمیت خوبصورت عمارتیں ہیں جو زیادہ تر نوآبادیاتی دور میں تعمیر کی گئی تھیں۔ اب کراچی ایک بہت بڑی آبادی والا شہر ہے، جہاں خاص طور پر سنگین ماحولیاتی مسائل سامنے آرہے ہیں۔  کراچی کے رہائشیوں کی بڑی تعداد ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے بیمار ہے۔ شہر میں ہوا، پانی اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریاں خوفناک ہیں، عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ شہر کا کچرا بھی گزشتہ 100 سالوں سے سمندر میں جا کر اسے آلودہ کر رہا ہے۔ اس لیے انہوں نے مشورہ دیا کہ خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کو ماحولیاتی مسائل کے بارے میں آگاہی ہونی چاہیے اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اقوام متحدہ کے کردار پر بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق نمائندے نے کہا کہ یہ ایک مفید بین الاقوامی ادارہ ہے جہاں کسی بھی ملک کا نمائندہ تنازعات کے حل یا کسی اور مدد کے لیے رابطہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کوئی ایسا دوسرا بین الاقوامی ادارہ نہیں ہے جو اس کی جگہ لے سکے۔  انہوں نے کہا کہ اگرچہ یو این او سے بہت سی توقعات ہیں جو وہ پوری نہیں کر رہی، اس کے باوجودہ یہ ایک اہم عالمی فورم ہے۔

قبل ازیں ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اپنے تعارفی کلمات میں مہمان کا سامعین سے تعارف کرایا اور کہا کہ سر عبداللہ ہارون کو اپنی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام سے بڑا لگاؤ تھا اور وہ اس کی اور اس کے طلباء کی مدد کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہارون خاندان پاکستان کے سیاسی اور سماجی منظر نامے میں اپنی خدمات کے لیے جانا جاتا ہے اور عبداللہ حسین ہارون طویل عرصے سے پاکستان میں سماجی اور فلاحی کاموں میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے ہارون چیریٹیبل فاؤنڈیشن سمیت مختلف خیراتی اداروں کے ساتھ اپنے کام کے ذریعے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور کمیونٹی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مزید کہا کہ عبداللہ حسین ہارون کا فلاحی کام پسماندہ طبقات کی ترقی اور تعلیم اور صحت کی خدمات کے لیے وسائل فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ حسین ہارون خواندگی کو فروغ دینے کے اقدامات میں بھی سرگرم عمل رہے ہیں، خاص طور پر دیہی علاقوں میں، اور کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کے لیے تعلیمی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے۔ انہوں نے سندہ مدرسہ یونیورسٹی میں آنے اور طلباء سے خطاب کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سوال جواب کا سیشن بھی ہوا۔

ڈین ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو نے سیشن کی نظامت کی، جبکہ محترمہ زنیرہ جلالی نے کارروائی چلائی۔ آخر میں ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مہمان کو شیلڈ پیش کی۔ سیشن میں ڈینز، چیئرپرسنز، فیکلٹی، سیکشنل ہیڈز اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں